*جامعہ کراچی میں یومِ آزادی کی مناسبت سے رنگارنگ تقریبات کا انعقاد*
*جامعہ کراچی میں یومِ آزادی کی مناسبت سے رنگارنگ تقریبات کا انعقاد*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی میں یومِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے مختلف شعبہ جات جن میں کراچی یونیورسٹی میڈیکل سینٹر، اسٹاف کلب، بائیو کیمسٹری، کامرس اور ایوان لیاقت گرلز ہاسٹل کی جانب سے اور طلبہ تنظمیوں کی جانب سے حب الوطنی کے جذبے سے سرشار رنگارنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ ان تقریبات میں ملی نغمے، آزادی کے موضوع پر اسٹالز، تصویری نمائشیں اور کیک کاٹنے کی خصوصی تقریبات شامل تھیں۔ وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مختلف شعبہ جات کی تقریبات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، کیک کاٹا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی ہمارے اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو علم، تحقیق اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کریں۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی کے طلبہ و طالبات نے جس جذبے اور محنت سے یہ تقریبات منعقد کی ہیں، وہ قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے جس کی قدر ہمیں تبھی محسوس ہوتی ہے جب ہم اس کی حفاظت اور فروغ کے لئے متحد ہوں۔ دریں اثناء پاکستان اسٹڈی سینٹر جامعہ کراچی میں یوم آزادی کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیاگیا جس میں آزادی کی اہمیت اور آزادی پاکستان کے لئے دی جانے والی لازوال قربانیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔