خیرپور (رپورٹ سید نصیر حسین زیدی بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی دعا نیوز ضلعی انتظامیہ خیرپور کی جانب سے 11ویں انٹرنیشنل خیرپور کھجور فیسٹیول اور سیمینار 2025
خیرپور (رپورٹ سید نصیر حسین زیدی بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی دعا نیوز
ضلعی انتظامیہ خیرپور کی جانب سے 11ویں انٹرنیشنل خیرپور کھجور فیسٹیول اور سیمینار 2025 کا افتتاح سابق وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ، کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی اور ڈپٹی کمشنر فیاض حسین راہوجو نے کیا۔ فیسٹیول میں زراعت، بینکنگ، سرسو، ہینڈی کرافٹ، معذور تنظیموں، ایگریکلچر ریسرچ، مہران کھجور سمیت 30 سے زائد اسٹالز کا دورہ کیا گیا۔ اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے کھجور کی مصنوعات، بیج اور دیگر اہم معاملات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ افتتاحی تقریب میں قومی ترانہ پڑھا گیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اقبال حسین جنڈان نے استقبالیہ خطاب میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ یہ کھجور فیسٹیول نہایت اہمیت کا حامل اور ایک مثبت اقدام ہے۔ کھجور کی فصل کو تجارت اور جدید انداز سے عالمی سطح پر مارکیٹ میں مقابلے کے قابل بنانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ دنیا بھر میں عراق، ابو ظہبی اور دبئی میں ہر گھر میں کھجور موجود ہوتی ہے، ہمیں بھی اپنی کھجور کی بہتر انداز میں تشہیر کرنے کی ضرورت ہے۔ بھارت اور بنگلہ دیش کے مقابلے کے لیے مصنوعات کے معیار کو مزید بہتر بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمارا کھلا دشمن ہے لیکن فیلڈ مارشل جنرل آصف منیر اور پاکستانی فوج، ایئر فورس اور نیوی نے انہیں منہ توڑ جواب دیا، جس پر میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے دور میں ترقیاتی کام ہوئے، عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ کھجور فیسٹیول کے انعقاد پر ڈپٹی کمشنر اور کمشنر سکھر کو خراج تحسین پیش کیا۔
کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خیرپور کی کھجور ملک میں پہلے نمبر پر ہے اور آئندہ کھجور کے کاشتکاروں، آبادگاروں اور دیگر متعلقہ افراد سے مشاورت کر کے ایک بہتر پالیسی تشکیل دی جائے گی، انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا، کھجور کو ماڈل بنیادوں پر آگے بڑھانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر فیاض حسین راہوجو نے کہا کہ کھجور فیسٹیول منانے کا مقصد کھجور کی فصل کو فروغ دینا، سندھی ثقافت کو اجاگر کرنا اور “ڈیٹ ٹورازم” کو فروغ دینا ہے تاکہ بیرون ممالک اور ملکی سطح پر خیرپور کی کھجور کو صحیح انداز میں متعارف کرایا جا سکے۔
تقریب سے سرائے نثار حسین خاصخیلی، این جی او کے سربراہ سہیل خان بنگش، سابق ایم پی اے پیر سید بچل شاہ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے دوران 11ویں انٹرنیشنل کھجور فیسٹیول سووینئر کی رونمائی کی گئی۔ اس کے علاوہ اگست 2022 کی بارشوں سے متاثرہ 30 سے زائد خواتین اور مردوں کو گھروں کے اسناد دی گئیں۔ آخر میں ڈپٹی کمشنر فیاض حسین راہوجو نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی اور دیگر مہمانوں کو اجرک، سندھی ٹوپی، ہاتھ سے بنی مختلف اشیاء اور خصوصی شیلڈز پیش کیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ارسلان حیدر پھلپوٹو، سید محمد علی شاہ، دریا خان چانڈیو، محمد نواز پھلپوٹو، سید اکبر علی شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن سید ساجد حسین شاہ، اظہر ویسر، ڈاکٹر یار محمد پھلپوٹو، لال بخش منگی، زاہد حسین گھمبیر، لال دینو خاصخیلی، اقبال حسین ملک، امام دین ملاح، رئیس خالد عباس جسکانی، محمد عاقل سمنگ، عتیق پھلپوٹو، وقار احمد سومرو سمیت 60 سے زائد محکموں کے افسران، کھجور کے کاشتکار، گروورز، انجمن تاجران اور کھجور سے وابستہ ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ فیسٹیول میں کھجور کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے مختلف اسٹالز لگائے گئے جبکہ ثقافتی پروگراموں اور قومی اتحاد کے پیغامات نے تقریب کو مزید پررونق بنا دیا۔