November 29, 2026

استاد کی اپنی زندگی بھی ہوتی ہے! از قلم: فیصل جنجوعہ

IMG-20260927-WA0134(1)

استاد کی اپنی زندگی بھی ہوتی ہے!

از قلم: فیصل جنجوعہ

آج کے ڈیجیٹل دور میں موبائل فون نے جہاں رابطوں کو آسان بنایا ہے، وہیں اس نے بعض لوگوں کے نزدیک دوسروں کی نجی زندگی اور پیشہ ورانہ حدود کو بھی غیر اہم بنا دیا ہے۔ افسوس ناک صورتِ حال یہ ہے کہ بعض والدین اساتذہ کو چوبیس گھنٹے دستیاب ملازم سمجھنے لگے ہیں، جنہیں رات گئے بھی پیغامات بھیجنا، فوری جواب طلب کرنا اور معمولی تاخیر پر شکایت کرنا اپنا حق محسوس ہوتا ہے۔ کیا استاد کی اپنی کوئی زندگی نہیں؟ کیا اس کے گھر، خاندان، آرام اور ذاتی مصروفیات کی کوئی اہمیت نہیں؟ والدین کو رات آٹھ بجے بچے کا کیپ بھول جانا یاد آتا ہے، رات نو بجے چیک نہ کرنے کی شکایت سامنے آتی ہے اور آدھی رات کو بچے کی پانی کی بوتل اسکول میں رہ جانے کا پیغام بھیج دیا جاتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہر معمولی بات کے لیے استاد کو فوری طور پر پریشان کرنا ضروری ہے؟ اصل مسئلہ موبائل فون نہیں، بلکہ احساسِ ذمہ داری اور حدود کے احترام کا فقدان ہے۔ کیا ہر غلطی کا ذمہ دار استاد ہے؟ اگر بچہ اپنا سامان بھول جائے تو کیا اس کی ذمہ داری صرف استاد پر عائد ہوتی ہے؟ کیا والدین کا فرض نہیں کہ وہ بچے کو خود اپنا بستہ، کتابیں، پانی کی بوتل اور دیگر ضروری اشیا چیک کرنے کی عادت ڈالیں؟ اگر گھر سے اسکول روانہ ہوتے وقت والدین بچے کے سامان پر توجہ دیں تو بہت سی شکایات خودبخود ختم ہو سکتی ہیں۔ بدقسمتی سے ہم بچوں کو خودمختار بنانے کے بجائے ہر معاملے میں دوسروں کا محتاج بنا رہے ہیں۔ معمولی بھول چوک پر بچے کو ذمہ داری کا احساس دلانے کے بجائے فوراً استاد کو پیغام بھیج دیا جاتا ہے۔ یوں بچے کی اصلاح کے بجائے الزام تراشی کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ استاد ہر وقت آن لائن رہنے کا پابند نہیں! استاد کا کام صرف اسکول میں پڑھانا ہی نہیں، بلکہ وہ بھی ایک انسان ہے جس کی اپنی گھریلو ذمہ داریاں، آرام کا وقت اور ذاتی زندگی ہوتی ہے۔ والدین سے رابطہ تعلیمی عمل کا اہم حصہ ہے، لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ استاد ہر وقت موبائل اٹھانے اور ہر پیغام کا فوری جواب دینے کا پابند ہو۔اگر کوئی ہنگامی صورتِ حال ہو تو رابطہ یقیناً ضروری ہے، لیکن معمولی نوعیت کی باتوں کے لیے رات گئے پیغامات بھیجنا اور فوری جواب کی توقع رکھنا مناسب رویہ نہیں۔ اسکول انتظامیہ کو چاہیے کہ والدین سے رابطے کے لیے واضح اوقات اور طریقۂ کار مقرر کرے تاکہ والدین کی سہولت بھی برقرار رہے اور اساتذہ کے نجی وقت کا احترام بھی ہو۔ والدین اور اساتذہ، ایک دوسرے کے مخالف نہیں!
تعلیم و تربیت ایک مشترکہ ذمہ داری ہے۔ والدین اور اساتذہ اگر ایک دوسرے کو موردِ الزام ٹھہرانے کے بجائے اپنی اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تو بچوں کی شخصیت بہتر انداز میں پروان چڑھ سکتی ہے۔ والدین کو چاہیے کہ بچوں میں وقت کی پابندی، خود انحصاری اور اپنی چیزوں کی حفاظت کی عادت پیدا کریں، جبکہ اساتذہ بھی والدین سے رابطے میں مناسب تعاون اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ استاد کا احترام صرف سلام کرنے یا تعریفی الفاظ کہنے کا نام نہیں، بلکہ اس کے وقت، محنت اور ذاتی حدود کا احترام بھی اسی کا حصہ ہے۔ معاشرے کو یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ استاد کوئی مشین نہیں جسے ضرورت پڑنے پر دن رات استعمال کیا جائے۔ اگر ہم اپنے بچوں کے لیے بہترین تعلیم چاہتے ہیں تو ہمیں ان کے اساتذہ کے لیے بھی باوقار اور متوازن ماحول فراہم کرنا ہوگا۔ استاد سے جواب دہی ضرور ہونی چاہیے، مگر اس جواب دہی کی حدود بھی واضح ہونی چاہییں۔ والدین کو اپنے حقوق کا احساس ہو تو اساتذہ کے فرائض کا بھی ادراک ہونا چاہیے۔ کیونکہ مضبوط تعلیمی نظام صرف اچھے اساتذہ سے نہیں، بلکہ ذمہ دار والدین، باشعور طلبہ اور ایک دوسرے کا احترام کرنے والے معاشرے سے تشکیل پاتا ہے۔