October 13, 2026

بھارتی ائیر چیف امر پریت سنگھ کے خواب ۔۔ تحریر ۔۔۔۔۔۔ ضرار جگوال

IMG-20250810-WA0060

بھارتی ائیر چیف امر پریت سنگھ کے خواب ۔۔

تحریر ۔۔۔۔۔۔ ضرار جگوال

رات کے 2 بجے تھے۔ دہلی کی پُرآشوب گرمی میں ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ اپنے کمرے کے ایئر کنڈیشنڈ میں آرام اور نیند کی وادیوں میں گم تھے۔ کمرے میں ہلکی روشنی، سرہانے میز پر پڑی بالاکوٹ سے بیونسے تک کی خودنوشت، اور ہاتھ میں ابھی آدھی پی گئی لسی کا گلاس تھا۔ اچانک، کسی نے ان کے کان میں سرگوشی کی اٹھو امر… پاکستان آسمان پر ہے ۔ امر پریت چونک کر اُٹھنے ہی والے تھے کہ ایک خواب شروع ہو گیا۔ مشن اندھیر نگری تھا امر پریت سنگھ خود کو ایک گولڈن تھرون پر بیٹھے دیکھتے ہیں، آس پاس بھارتی فضائیہ کے سب طیارے فضا میں لائن لگا کر ان کے حکم کے منتظر ہیں ۔۔ ایک S-400 میزائل خود آ کر ان سے کہتا ہے مالک بس آپ انگلی ہلائیں، میں سارے طیارے گرا دوں گا ۔ پیچھے ایک طوطا آتا ہے، پائلٹ ہیلمٹ پہنے، اور چیخ کر کہتا ہے کہ پانچ گرائے ایک بڑا سا بھی گرایا، جس کے پروں پر پی اے ایف لکھا تھا ۔ امر پریت جوش میں آ کر نعرہ لگاتے ہیں مارو… پاکستان کو ہوا میں ہی مار دو ۔ خواب میں ہی انہیں ایک میڈیا ہاؤس نظر آتا ہے، جس میں اینکرز تالیاں بجا رہے ہیں، اور ایک ٹی وی سکرین پر BREAKING نیوز چل رہی ہوتی ہے امر پریت سنگھ آسمانوں کے فاتح لکھا ہوتا ہے۔ صبح دس بجے آنکھ کھلتی ہے، ماتھے پر پسینہ، دل کی دھڑکن تیز خواب نے انہیں اتنا متاثر کیا کہ وہ فوراً اٹھ کر اپنا پریس سیکرٹری بلاتے ہیں ۔ جلدی کرو، بیان جاری کرو پانچ پاکستانی طیارے ہم نے گرائے تھے، اور لکھو سب سے طویل فاصلے سے گرایا گیا جہاز بھی ہمارا کارنامہ ہے ۔ پریس سیکرٹری تھوڑا ہچکچاتا ہے، کہتا ہے سر… ایسا کچھ تو مئی میں نہیں ہوا تھا نا؟ امر پریت آنکھیں تیز کر کے کہتے ہیں ، خواب جھوٹ نہیں بولتے یہ ہمارے سٹریٹیجک وژن کی علامت ہے ۔۔ پریس سیکرٹری صاحب کو بتاتا ہے سر شہر بنگلورو میں ایک تقریب ہے وہاں ہی بتا دیں تو صاحب پہنچتے ہیں شہر بنگلورو میں اور تقریر شروع ہوتی ہے کہتے ہیں کہ دوران بھارت پاکستان کشیدگی زیادہ تر پاکستانی طیارے بھارت کے روسی ساختہ ایس 400 زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نظام سے مار گرائے گئے ہیں انہوں نے دعوے کی تصدیق کے لیے الیکٹرانک ٹریکنگ ڈیٹا کا حوالہ دیا انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کم از کم 5 لڑاکا طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق ہے اور ایک بڑا طیارہ بھی، انہوں نے مزید کہا کہ بڑا طیارہ جو کہ ممکنہ طور پر ایک نگرانی کا طیارہ ہو سکتا ہے، 300 کلومیٹر (186 میل) کے فاصلے پر مار گرایا گیا۔ اے پی سنگھ نے کہا کہ یہ دراصل تاریخ کا سب سے بڑا ریکارڈ شدہ زمین سے فضا میں مار کرنے والا حملہ ہے، جس پر مجمع نے تالیاں بجائیں جس میں فضائیہ کے موجودہ افسران، سابق فوجی اور حکومت و صنعت کے اہلکار شامل تھے۔ جیسے ہی ائیر چیف امر پریت سنگھ تقریر ختم کر کہ کرسی پر بیٹھتے ہیں تو اب بھی خواب میں ہیں، مگر یہ کوئی عام خواب نہیں، یہ وہی خواب ہے جس میں وہ ایک میز پر بیٹھے، پانچ پاکستانی طیاروں کے پر سنبھالے بیٹھے ہیں جیسے کوئی شکاری بطخوں کے پروں سے ٹرافی بنا رہا ہو۔ ارد گرد نغمہ بج رہا ہے یہ خواب ہے یا حقیقت… یا کوئی CNN کی breaking ہے اسی خواب میں ان کے ارد گرد ناچتے ہیں ایک S-400 میزائل گھنگھرو پہن کر کٹک کرتا ہے، ایک رافیل طیارہ بالی وڈ ہیرو کے انداز میں slow motion میں ہوا میں اڑتا ہے، اور نریندر مودی خواب میں داخل ہو کر کہتے ہیں امر جی، ابھی تک خواب میں ہو؟ جاگو، نریندر آیا ہے ۔ لیکن خواب تو خواب ہوتے ہیں امر پریت سنگھ تو روز نریندر کو دیکھتے ہیں خواب تو بڑے عرصے بعد دیکھ رہے ہیں انہوں نے خواب سے بیدار نہیں ہونا تو پھر یوں ہوتا ہے امر پریت سنگھ کی خوابی تقریر میڈیا پر چلتی ہے سب سے پہلے بھارتی عوام کو دیکھتے ہیں ایک چائے والا، ریڈیو پر خبر سنتا ہے تازہ ترین بھارتی ایئر چیف نے اعلان کیا ہے کہ ہم نے پاکستان کے پانچ طیارے اور ایک بڑا جہاز مئی میں گرائے ۔۔ چائے والا چونک کر کہتا ہے ہائے رام اب یہ بھی کام نیند میں ہونے لگے؟ تو پھر میں بھی نیند میں ہی گاہکوں کو چائے پلاؤں گا اور پھر وہ ایک گاہک کو نیند میں ہی چائے پلاتا ہے… اور چائے اس کے کان میں چلی جاتی ہے ۔ ماں، باپ، بچہ، دادا، دادی سب مل کر نیند میں ایک ہی خواب دیکھ رہے ہیں آسمان میں فائٹر جی چمک رہے ہیں نیندر مودی خواب میں آسمان پر اُڑتے ہوئے ہاتھ ہلا رہے ہیں سب کا خواب، سب کا وِکاس ایک اینکر چلاتا ہے دیش نیند میں بھی جیت رہا ہے ۔۔دادا جی خواب میں کہتے ہیں بچپن میں گائے کا دودھ پیتے تھے، اب گائے بھی خواب میں آ رہی ہے ۔۔ ایک طالبعلم کا خواب میں امتحان دے رہا ہوں، ہر سوال کا جواب پاکستان کے طیارے گرائے ۔۔ باورچی کا خواب میں بریانی پکا رہا ہوں، اور جہازوں کی جگہ چکن گر رہا ہے ۔۔ کسان کا خواب میں کھیت میں ہل چلا رہا ہوں، اور S‑400 میرے بیج کاٹ رہا ہے ۔۔ یوگا گرو کا خواب میں آسمان میں مراقبہ کر رہا ہوں نیچے سے ایک پاکستانی جہاز آیا، میں نے صرف ‘ओम्’ کہا، وہ گر گیا ۔۔ بھارتی نیوز روم خواب میں اینکرز آپس میں بحث کر رہے ہیں ایک کہتا ہے یہ صرف خواب نہیں، نیشنل سیکیورٹی پالیسی ہے ۔۔دوسرا یہ مودی ویژن 2047 کا حصہ ہے ۔۔ تیسرا اب ہم ہر جنگ نیند میں لڑیں گے، کیونکہ بجلی کا بل بہت آ رہا ہے ۔۔ چوتھا تو جذباتی ہو جاتا ہے، روتے ہوئے کہتا ہے میری بیوی نے خواب میں مجھے چھوڑ دیا، کیا یہ بھی پاکستانی سازش ہے؟ بھارتی قوم کی حالت زار سب خواب میں چل رہے ہیں سکول کے بچے خواب میں پریڈ کر رہے ہیں، فوجی نیند میں سلیوٹ کر رہے ہیں، وزیر نیند میں بجٹ پیش کر رہا ہے ہم نے دفاعی بجٹ میں 80 کروڑ روپے صرف خواب دیکھنے والے کمبلوں پر رکھے ہیں ۔۔بھارتی عوام جاگتے ہوئے سوتی ہے، سوتے ہوئے بولتی ہے ہم نے دشمن کو خواب میں ہرایا ہے، اب خواب ہی ہماری اصلیت ہے، کیونکہ سچائی بہت مہنگی ہے ۔ ایک بچہ اپنے باپ سے پوچھتا ہے ابّو، کیا ہم بھی نیند میں ہی پیدا ہوئے تھے؟ بیٹا، ہم تو ایک قوم ہیں جو آنکھیں بند کر کے سب کچھ دیکھنا چاہتی ہے جب بھارتی حکومت اور بھارتی عوام کی یہ حالت انڈین ایجنسی را دیکھتی ہے تو را کے چیف رام نارائن (عرفی نام را کے راجا) اپنی کرسی پر بیٹھے، تازہ بادام کھا رہے تھے اور بھارتی نیوز چینلز پر ایئر چیف کا خواب سن کر قہقہے لگا رہے تھے۔ ابھی تک انہوں نے عوامی خواب کا پورا جائزہ نہیں لیا تھا وہ اپنے ایجنٹوں کی مدد سے اس کام میں مصروف ہی تھے تو اچانک، ان کی میز پر رکھے سِکریٹ ڈریم الرٹ کمپیوٹر کی اسکرین پر ایک سرخ پیغام چمکتا ہے ۔ ( ALERT ) خواب میں پاکستانی طیارے گرائے گئے وہ بھی ( RAW) کے علم کے بغیر رام نارائن صاحب کا بادام گلے میں پھنس جاتا ہے۔ ارے باپ رے یہ خواب کس نے approve کیا؟ ہمیں تو بتایا ہی نہیں گیا ۔۔ را کے راجا ادھر ہی غصے سے بے خوش ہو گئے آنکھ لگتے ہی دیکھتے ہیں خوابوں کا گلوبل کمانڈ روم میں پہنچ گئے، جہاں دنیا کے سارے لیڈرز اپنے اپنے خواب چلا رہے تھے۔ وہ آفس کے گیٹ پر پہنچے، بورڈ پر لکھا تھا (خواب پر نگاہیں) اندر داخل ہوتے ہی انہوں نے ایک نئی فائل دیکھی رام نارائن نے فائل کھولی، تو خواب چل پڑا جیسے یوٹیوب کی ویڈیو انٹرنیٹ کی سپیڈ ٹھیک ہونے کی صورت میں چل پڑتی ہے خواب کے سین کچھ یوں ہیں ایئر چیف سنگھ، پاکستانی طیارے گرا رہے ہیں ۔۔ را کے ایجنٹس بالی وڈ کے انداز میں پسِ منظر میں ناچ رہے ہیں ۔۔ ہر جہاز گرنے پر آسمان سے گلزار کے شاعری والے پھول برس رہے ہیں۔ رام نارائن چیختے ہیں یہ کیا تماشہ ہے خواب میں تو را کی تصویر ایسے ہے جیسے ہم ڈانس ماسٹر ہوں ۔ را نے خواب پر انکوائری شروع کی، ایک ڈریم انویسٹی گیشن آفیسر (DIO) نے رپورٹ دی سر خواب میں جو جہاز گرے، وہ اصل میں گیم آف تھرونز والے ڈریگن تھے۔ اور جو S‑400 تھا، وہ اصل میں ایک ڈیجیٹل گول گپّہ تھا رام نارائن کا صبر ٹوٹ گیا، انہوں نے خواب کے سارے کرداروں کو بلایا ایئر چیف سنگھ کو خواب کی عدالت میں طلب کیا نیند میں اور ایکٹنگ کرنے پر سسپینڈ کیا ایک پائلٹ کو خواب سے نکال کر بولا تم نے خواب میں کہا، پاکستانی جہاز جل رہے ہیں دراصل وہ تو بی جے پی کے پوسٹر تھے ۔۔ بہرحال صبح ہوتے ہی را کے ترجمان پریس بریفنگ میں کہیں گے ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ یہ خواب کسی بھی را ایجنٹ کی تخلیق نہیں، یہ ایک ذاتی تخیلاتی دھماکہ ہے۔ را نے صرف یہ خواب enjoy کیا ہے ۔۔ خواب کے آخر میں سب خواب کردار اکٹھے ہو کر احتجاج کرتے ہیں حکومت آرمی اور را سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں ہر رات جھوٹے خواب دکھائے جا رہے ہیں ہم اب نیند چھوڑ کر حقیقت میں یہ سب دیکھنا چاہتے ہیں یہ مطالبہ سن کر را کے راجا کی نیند اُڑ گئی را کے راجا نیم بے ہوشی میں بولتے ہیں ہم تو خواب میں بھی پھنس گئے..اگلی بار ایئر چیف خواب دیکھے تو سب سے پہلے میڈیا سے انہیں دور رکھنا ورنہ پاکستان میں یہ خبریں چلیں گی بھارتی ایئر چیف کے خوابوں میں نیا فضائی حملہ اور خواجہ آصف مسکرا کر کہیں گے اگر بھارتی ائیر چیف امر پریت سنگھ کو مزید خواب دیکھنے ہیں، تو ہم نیند کی گولیاں بھجوا دیتے ہیں ۔ اللہ کرے اگلی بار خواب میں ان کے جہاز صحیح لینڈ بھی کریں ۔۔۔ آج میں نے آپ قارین سے ہنسنے ہنسانے کے موڈ میں شغل لگایا ہے یہ ایک سنجیدہ ٹاپک ہے جس پر میں لازمی اپنے خیالات کا اظہار سنجیدگی میں کروں گا ۔۔