باغی رائٹرز فورم کی شاندار تقریب میں قلمکاروں کی حوصلہ افزائی کی اعلیٰ مثال از قلم غنی محمود قصوری
باغی رائٹرز فورم کی شاندار تقریب میں قلمکاروں کی حوصلہ افزائی کی اعلیٰ مثال
از قلم غنی محمود قصوری
گزشتہ روز لاہور کے ایک نجی وی آئی پی ہوٹل میں دنیا بھر سے قلمکاروں کی مشترکہ تنظیم،باغی رائٹرز فورم، کے زیرِ اہتمام ایک پروقار ایوارڈ تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان کے علاوہ بھارت، سعودی عرب، لیبیا، امریکہ اور بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے قلمکاروں نے شرکت کی
یہ تقریب پاکستان کے سینئر اینکر پرسن جناب مبشر لقمان صاحب کی سرپرستی میں منعقد ہوئی جس میں ملک بھر سے نامور صحافیوں، شعراء، کالم نگاروں، ادیبوں اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی
باغی ٹی وی کا ڈویژنل بیورو چیف اور کالم نگار ہونے کی حیثیت سے بندہ ناچیز کو بھی شرکت کی دعوت تھی، سو میں بھی قصور سے شرکت کیلئے مقررہ وقت سے پہلے لاہور پہنچا اور باغی رائٹرز فورم کے قلمکاروں سے بات چیت کا شرف حاصل کیا
تقریب کے شرکاء کی آمد پر سب سے پہلے ناشتے کا اہتمام کیا گیا جس کے بعد باغی رائٹرز فورم کی ایوارڈ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن مجید اور نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا گیا
تقریب میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض محترمہ مریم ڈار صاحبہ نے نہایت خوبصورت اور احسن انداز میں ادا کئے
اپنے خطاب میں جناب مبشر لقمان صاحب نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور باغی ٹی وی کے چیف ایڈیٹر، پوری ٹیم اور بالخصوص ممتاز حیدر اعوان، محترمہ مریم ڈار صاحبہ کی خدمات کو سراہا
انہوں نے اپنے خطاب میں ایک ایسا واقعہ بھی بیان کیا جو کسی بھی ادارے کی کامیابی میں ٹیم ورک، وفاداری اور اعتماد کی اہمیت کو واضح کرتا ہے
مبشر لقمان صاحب نے بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب ان کے پاس باغی ٹی وی کی ٹیم کو تنخواہیں دینے کے لیے پیسے موجود نہیں تھے لیکن ٹیم کے ارکان نے آٹھ آٹھ ماہ تک بغیر تنخواہ کام کیا اور ان کا ساتھ نہیں چھوڑا
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے ارکان نے یہی کہا کہ ہمیں آپ کی ٹیم کا حصہ بن کر رہنا ہے سو اسی محنت، وفاداری اور باہمی اعتماد کی بدولت آج باغی ٹی وی کے ماہانہ ویوز 70 لاکھ تک پہنچ چکے ہیں
انہوں نے ایک قابلِ تحسین اعلان کرتے ہوئے باغی ٹی وی کل وقتی ٹیم کو ادارے کا شیئر ہولڈرز بنانے کا اعلان کیا
یہ اقدام محض ایک اعلان نہیں بلکہ ان لوگوں کی خدمات کا اعتراف ہے جنہوں نے مشکل وقت میں ادارے کا ساتھ دیا
ہمارے معاشرے میں اکثر اداروں کی کامیابی کا سہرا صرف سربراہ کے سر باندھ دیا جاتا ہے لیکن اپنی ٹیم کو کامیابی میں شریک کرنا ایک مثبت اور قابلِ تقلید مثال ہے
مبشر لقمان صاحب نے یہ بھی واضح کیا کہ انہیں باغی رائٹرز فورم کا سرپرستِ اعلیٰ نہ کہا جائے بلکہ انہوں نے جناب ممتاز حیدر اعوان صاحب کو فورم کا سرپرستِ اعلیٰ مقرر کرنے کا اعلان کیا
یہ بھی اس تقریب کا ایک اہم پہلو تھا
تقریب میں مبشر لقمان صاحب کی صاحبزادی فجر لقمان، صاحبزادے مجتبیٰ لقمان کے علاوہ نامور سیاستدانوں، صحافیوں، ادیبوں، شاعروں، مصنفوں اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی
اس تقریب میں مجموعی طور پر 230 قلمکار شریک ہوئے جن کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں ایوارڈز سے نوازا گیا
ان خوش نصیب قلمکاروں میں بندہ ناچیز بھی شامل تھا جس کے لئے یہ اعزاز اور حوصلہ افزائی یقیناً باعثِ مسرت ہے
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ اس وقت دنیا بھر سے 600 سے زائد قلمکار باغی رائٹرز فورم کا حصہ ہیں
ان قلمکاروں کی تحریروں پر مشتمل کتاب باغی کے قلمکار،کی تقریبِ رونمائی بھی اسی موقع پر کی گئی اور شرکاء کو یہ کتاب بطورِ تحفہ پیش کی گئی
کسی بھی قلمکار کے لئے اس سے بڑھ کر خوشی کی بات کیا ہو سکتی ہے کہ اس کی تحریر کو اہمیت دی جائے، اس کی شناخت کو تسلیم کیا جائے اور اسے ایک بڑے ادبی و صحافتی پلیٹ فارم پر عزت دی جائے
آج کے دور میں جہاں اکثر قلمکار اپنی تحریروں کی اشاعت اور پذیرائی کے لئے مشکلات کا سامنا کرتے ہیں وہاں باغی رائٹرز فورم کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں قلمکاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا قابل تحسین اقدام ہے
قلمکار معاشرے کی آنکھ اور ضمیر کی آواز ہوتے ہیں
ان کے الفاظ لوگوں کو سوچنے، سوال کرنے اور معاشرتی مسائل پر توجہ دینے کا موقع فراہم کرتے ہیں
ایسے لوگوں کی حوصلہ افزائی دراصل علم، ادب، صحافت اور مثبت فکر کی حوصلہ افزائی ہے
باغی رائٹرز فورم نے اس بار کتاب، باغی کے قلم کار، ایک پبلشر سے شائع کروائی تھی تاہم اب اعلان کیا گیا کہ اس بار اگلی کتاب باغی خود پبلش کرے گا اور ان شاءاللہ 11 جنوری 2027 کو اسلام آباد میں اس کی تقریب رونمائی کی جائے گی
باغی رائٹرز فورم کی جانب سے اس عزت اور حوصلہ افزائی پر مجھ سمیت باغی رائٹرز فورم کے تمام شرکاء جناب مبشر لقمان صاحب، جناب ممتاز حیدر اعوان صاحب اور محترمہ مریم ڈار صاحبہ کے تہہ دل سے ممنون ہیں جنہوں نے قلمکاروں کو عزت، پہچان اور حوصلہ افزائی کا موقع فراہم کیا
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ باغی ٹی وی اور باغی رائٹرز فورم دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے اور اس پلیٹ فارم سے وابستہ قلمکار اپنے قلم کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی، شعور اور حق کی آواز بلند کرتے رہیں
یہ ادارہ مستقبل میں بھی اہلِ قلم کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنا رہے
#قصوریات