خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) نامور شاعر و ادیب شفیق مراد کے شعری مجموعہ “شہر مراد “کی تقریبب رونمائی اور مشاعرہ
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) نامور شاعر و ادیب شفیق مراد کے شعری مجموعہ “شہر مراد “کی تقریبب رونمائی اور مشاعرہ
“ہم ہیں پاکستان” کاانعقاد کیاگیا ۔ جرمنی میں مقیم خوبصورت لب ولہجے کے شاعرشفیق مراد کے شعری مجموعہ “شہر مراد” کی تقریب رونمائی کا انتظام جذبہ ءحب الوطنی پر قائم ہونے والی تنظیم “ُہم ہیں پاکستان ٗنے کیا ۔تقریب میں اہل علم اور صاحب ذوق احباب نے بھر پورشرکت کی ۔پروگرام کا آغاز تلاوت قران مجید فرقان حمید سے کیا گیا سردار محمد افضل نے خوش الحانی سے تلاوت قرآن پاک سے محفل کو معطر کیا ۔پروگرام کے پہلے حصے کی صدارت ممتاز شاعرہ محترمہ فوزیہ مغل نے کی جبکہ مہمانان خصوصی ڈاکٹر جبرائیل اسلام اور ارشاد ہاشمی تھے ۔ناظم پروگرام تنظیم کے جنرل سیکرٹری اسداللہ طارق نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور شفیق مراد کا مختصر تعارف پیش کیا ۔بعد ازاں قانتہ احمد نے شفیق مراد کی غزل کو ترنم کے ساتھ پیش کر کے شفیق مراد کو خراج تحسین پیش کیا۔فہمیدہ مسرت احمد ،ارشاد ہاشمی ڈاکٹر جبرائیل اسلام نے شفیق مراد کے فن اور شخصیت پر گفتگو کی اور شہر مراد کو گلستان ادب میں ایک خوبصورت اضافہ قرار دیا اور شفیق مرادکی علمی و ادبی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا ۔فہمیدہ مسرت احمد نے کہا کہ شفیق مراد کی شاعری میں غضب کی خیال آفرینی رواں مصرے اور الفاظ کی بندش کمال ہے ،غمِ جاناں و غمِ دوراں کی شدتیں آپکی شاعری سے جھلکتی ہیں ،زندگی کے نشیب وفراز اور اس سے وابستہ مسائل کو آپنے بڑی چابکدستی سے اشعار کے پیکر میں ڈھالا ہے۔صاحب کتاب، شفیق مراد نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ادب انسان میں نکھار پیدا کرتا ہے ۔ اسے آدابِ معاشرت اورتہذیب سکھاتا ہے اور معاشرتی اقدار سے روشناس کرواتا ہے ۔ ۔فوزیہ مغل نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا ُ شہر مرادٗ کی غزلیں قاری کو چونکا بھی دیتی ہیں اور چپکے سے قاری کی سوچ کا دامن تھام کے اسے خوشگوار حیرتوں بھرے سفر پر ساتھ لے جاتی ہیں ۔حاجی گلزار احمد وائس چئیر مین نے شفیق مراد کو مبارکباد پیش کی اور تنظیم” ہم ہیں پاکستان” کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا ۔
پروگرام کے دوسرے حصے میں محترم ارشد نے شفیق مراد کی غزل کے علاوہ مزید کچھ غزلیں گا کر محفل میں جادو جگایا اور خوب داد وتحسین وصول کی۔
پروگرام کے تیسرے حصے میں مشاعرہ منعقد ہوا ۔ جس کی صدارت پختہ لب ولہجے کی شاعرہ محترمہ فہمیدہ مسرت احمد نے کی جبکہ مہمان خصوصی محترمہ شازیہ نورین تھیں ۔مشاعرے میں آفتاب حسین ،قانتہ احمد ،ارشاد ہاشمی ،جبرائیل اسلام ، امجد عارفی ، شازیہ نورین ،فوزیہ مغل ،شفیق مراداورفہمیدہ مسرت احمد نے اپنا اپنا کلام پیش کر کے محفل کو چار چاند لگائے۔سامعین نے ذوق و شوق سے شعراء کرام کا کلام سنا اور بھر پو ر داد و تحسین سے نوازا۔ آخر میں ُہم ہیں پاکستان ٗ کے چیرمین محمود سعید نے اختتامی خطاب میں زبان و ادب کی ترویج پر زوردیا اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ بعد ازاں مہمانوں کی پُر تکلف تواضع کی گئی۔ ضیافت کا انتظام جنرل سیکرٹری اسداللہ طارق اور محترمہ عائشہ طارق نے کیا ۔جبکہ چئیر مین محمود سعید ،وائس چئیر مین گلزار احمد اور حسن بھٹی نے پروگرام کوانتہائی محنت سے منظم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ۔