November 17, 2026

عمرکوٹ ( رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف سندھ)سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس صلاح الدین پہنور نے ضلع عمرکوٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے ضلع عمرکوٹ بار کی نو منتخب باڈی کی

IMG-20250808-WA0226

عمرکوٹ ( رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف سندھ)سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس صلاح الدین پہنور نے ضلع عمرکوٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے ضلع عمرکوٹ بار کی نو منتخب باڈی کی حلف برداری تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ اعزازی مہمانوں میں سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس جان علی جونیجو، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کراچی کے سینئر وکلاء یوسف لغاری، نند کمار گوکلانی، سندھ بار کونسل میرپورخاص کے رکن ایڈووکیٹ شیر محمد وساڻ اور دیگر موجود تھے، اس موقع پر انہوں نے ضلع عمرکوٹ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سال 2025ء کے نو منتخب صدر سمیت دیگر عہدیداران سے حلف لیا، اس موقع پر حلف برداری تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس صلاح الدین پہنور نے کہا کہ ضلع عمرکوٹ کے جو مسائل پیش کیے گئے ہیں، وہ پاکستان کے آئین کے تحت بنیادی حقوق میں شامل ہیں، ان مسائل کے حل کے لیے وکلاء کا بھی اہم کردار بنتا ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ میں منشیات کی وجہ سے لوگوں کے گھر تباہ ہو چکے ہیں، معاشرے کو بھی ان مسائل پر ثابت قدم رہنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کہیں زمینوں پر قبضہ نہیں ہوتا، مگر بدقسمتی سے ہمارے صوبے میں زمینوں پر قبضے کیے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ 1995 میں کوآپریٹو سوسائٹی ایکٹ غریب ہاریوں اور مزدوروں کے لیے آیا تھا، لیکن نہ کسی نے اسے پڑھا، نہ سمجھا، اور اس کا فائدہ سرمایہ دار لے گئے، انہوں نے کہا کہ ضلع عمرکوٹ میں تعلیم کا نظام بہتر نہیں ہے، ضلع کے اسکولوں میں لڑکیوں کی تعلیم کا تناسب انتہائی کم ہے، ضلع ہیڈ کوارٹر عمرکوٹ میں لائبریری صرف نام کی ہے، انہوں نے کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں ہمارے بچوں کے پاس کمپیوٹر نہیں ہے۔ ہم نے سندھ میں دو طبقات بنا دیے ہیں، سرکاری اسپتالوں میں غریب جاتا ہے اور مڈل کلاس کے بچے سرکاری اسکولوں میں نہیں پڑھتے، انہوں نے مزید کہا کہ ججز، وکلاء، صحافی اور سول سوسائٹی کو مل کر یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ سچ کو سچ کہنا ہے، تب ہی معاشرے میں تبدیلی آ سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرے میں تبدیلی کے لیے اپنے کردار پر گہرائی سے نظر ڈالنی ہو گی۔ ہمیں اپنے فیصلوں میں عوام کے بنیادی حقوق کا خیال رکھنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ اس علاقے کا چھوٹا زمیندار بھی نہیں چاہتا کہ یہاں کے بچے تعلیم حاصل کریں، انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خود میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے، اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن عمرکوٹ کے صدر شریف بھیل نے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع عمرکوٹ میں منشیات کی روک تھام، سول اسپتال میں سہولیات کی کمی، اسکولوں میں فرنیچر کی عدم دستیابی، پینے کے پانی کی قلت، کھیلوں کے میدانوں کو فعال بنانا، امن و امان کی بگڑتی صورتحال کو بہتر بنانا، میونسپل سروسز کی بہتری، زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم نہ ہونا، ہاری کیمپ کو دوبارہ فعال کرنا جیسے مسائل درپیش ہیں،جبکہ اس سے پہلے جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان صلاح الدین پہنور نے اپنے مرحوم بھائی جلال الدین پہنور کے نام سے منسوب کمپیوٹر لیب کا افتتاح کیا، اس موقع پر انہوں نے ڈگری کالج کے طلباء کو لیکچر بھی دیا، بعد ازاں انہوں نے گرھوڑی لائبریری عمرکوٹ کا دورہ کیا اور طلباء سے ان کے مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں، اس موقع پر انہوں نے کلچرل ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ لائبریری میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی کمپیوٹر لیب، ایئر کنڈیشنڈ ہال، انٹرنیٹ کی سہولت، سی ایس ایس کی تیاری سے متعلق نصاب اور جنرل کتب رکھی جائیں تاکہ بچے بہتر انداز میں تیاری کر سکیں، انہوں نے کہا کہ عمرکوٹ ضلع کی اس لائبریری کو ماڈرن لائبریری میں تبدیل کیا جائے، اس کے علاوہ انہوں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ عمرکوٹ کے ججز سے ملاقات کی اور محکمہ تعلیم عمرکوٹ کے افسران سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمن لاڑک، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عمرکوٹ عبدالقدوس میمن، انسداد دہشتگردی عدالت میرپورخاص کے جج عبدالغنی سومرو، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مٹھی عبدالوحید شیخ، ایس ایس پی عمرکوٹ عزیز احمد میمن، ضلع عمرکوٹ کے سینئر سول جج ون ایاز کاچھلیو، سول ججز، عمرکوٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شریف بھیل، جنرل سیکریٹری لیاقت علی سہتو، سپریم کورٹ، ہائی کورٹ اور عمرکوٹ بار کے وکلاء، پریس کلب عمرکوٹ کے صحافیوں سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔