November 26, 2026

میرا میانوالی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ میانوالی کے سجاد سرور نیازی ریڈیو پاکستان کی ایک تاریخ ساز شخصیت تھے۔ وہ ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل کےمنصب سے ریٹائر ہوئے۔

20250722_170022

میرا میانوالی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

میانوالی کے سجاد سرور نیازی ریڈیو پاکستان کی ایک تاریخ ساز شخصیت تھے۔ وہ ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل کےمنصب سے ریٹائر ہوئے۔

موسیقی سے انہیں خاص
دلچسپی تھی۔ اس لیئے انہوں نے ریڈیو پاکستان کے موسیقی کے پروگراموں پر خاص توجہ دی ۔

سجاد سرور نیازی جب ریڈیو
پاکستان پشاور کے سٹیشن ڈائریکٹر تھے انہوں نے میانوالی کے میوزیکل ٹیلنٹ کو ملک بھر میں متعارف کرانے کے لیئے میانوالی سے تین نوجوان گلوکار منتخب کر کے میانوالی کے گیت کے عنوان سے ایک خصوصی پروگرام شروع کیا۔ پندرہ منٹ کا یہ پروگرام مہینے میں دوبار ، شام پانچ بجے سے سوا پانچ بجے تک نشر ہوتا تھا۔ گلوکار تھے عیسی خیل کے امتیاز خالق ، داؤدخیل کے گلستان خان اور موسی خیل کے گل جہان خان۔ یہ لوگ ریڈیو پر میانوالی کے لوک گیت پیش کیاکرتے تھے ۔ جب سجاد سرور نیازی پشاور سے راولپنڈی ٹرانسفر ہوگئے تو یہ پروگرام راولپنڈی ریڈیو سٹیشن سے نشر ہونے لگا۔ بہت مقبول پروگرام تھا ۔ بہت عرصہ تک چلتا رہا۔

سجاد سرور نیازی کی ہدایت پر استاد امتیاز خالق نے مقامی شاعر مجبور عیسی خیلوی کو ساتھ لے کر ضلع کے دورافتادہ دیہات کا دورہ کیا اور وہاں کے لوگوں سے لوک گیت سن کر انہی طرزوں پر مجبور صاحب سے گیت لکھوائے۔ یوں لوک گیتوں کا اچھا خاصا خزانہ جمع ہو گیا۔ یہ گیت امتیازخالق ، گلستان خان اور گل جہان خان کی آوازوں میں بہت عرصہ تک ریڈیو پاکستان سے نشر ہوتےرہے۔
انہی میں سے کچھ گیت امتیاز خالق نے لالا عیسی خیلوی کو دیئے جو بہت مقبول ہوئے۔

بوچھنڑاں میں توں یار نہ
کھس وے

اور

کالا شاہ بدلا ناں وس توں ساڈے دیس

اسی دور کی یادگار ہیں ۔

سجاد سرور نیازی صاحب گورنمنٹ کالج لاہور میں ہمارے بابا جی کے کلاس فیلو رہے۔ بابا جی بتایا کرتے تھے کہ سجاد سرور نیازی ہارمونیم، طبلہ اور بانسری خوب بجا لیتے تھے ۔ کالج کے ثقافتی پروگراموں میں فن کا مظاہرہ کرکے بہت داد وصول کرتے
رہے۔

رہے نام اللہ کا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منور علی ملک ۔۔۔۔۔۔۔