November 26, 2026

ہیلمٹ ایک قانون نہیں، زندگی کی ضمانت ہے لیاقت علی سکھیرا

20250722_170022

ہیلمٹ ایک قانون نہیں، زندگی کی ضمانت ہے لیاقت علی سکھیرا
ہارون آباد ( نمائندہ خصوصی سٹی رپورٹر)ٹریفک حادثات روزمرہ زندگی کا ایک ایسا المیہ بن چکے ہیں جنہیں صرف خبروں تک محدود سمجھنا اب ممکن نہیں رہا۔ یہ وہ تلخ حقیقت ہے جو روز سینکڑوں گھروں میں صفِ ماتم بچھا دیتی ہے، خاص طور پر موٹرسائیکل سواروں کے لیے۔ اس حوالے سے فوکل پرسن ریسکیو ٹیم لیاقت علی سکھیرا نے جناح پریس کلب رجسٹرڈ ہارون آباد سٹی پریس کلب رجسٹرڈ ہارون آباد پنجاب سٹی پریس کلب رجسٹرڈ بہاولنگر فرینڈز میڈیا گروپ ہارون آباد سے گفتگو کرتے ہوئے کہ کہ تحصیل بھر میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں زیادہ تر موٹر سائیکلیں ملوث ہوتی ہیں، اور ان میں زیادہ تر شدید زخمی یا جاں بحق ہونے والے افراد بھی موٹرسائیکل سوار ہوتے ہیں۔ یہ اعدادوشمار صرف تشویشناک ہی نہیں، بلکہ لمحہ فکریہ ہیں۔ہیلمٹ کا استعمال، جو بظاہر ایک چھوٹی سی احتیاط لگتی ہے، درحقیقت ایک بڑی زندگی کا تحفظ ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں اسے یا تو فیشن کے خلاف سمجھا جاتا ہے یا تکلیف دہ تصور کیا جاتا ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا زندگی سے بڑھ کر کوئی فیشن، کوئی راحت ہو سکتی ہے؟ڈی ٹی او نے ایک مؤثر اقدام اٹھاتے ہوئے یہ پالیسی متعارف کرائی ہے کہ جو موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ کے بغیر ہوں گے، نہ صرف ان کا چالان کیا جائے گا بلکہ ان کی موٹرسائیکل بند بھی کر دی جائے گی، اور وہ اسی وقت واپس ملے گی جب وہ ہیلمٹ ساتھ لا کر پیش کریں گے۔ یہ ایک سخت لیکن انتہائی ضروری قدم ہے۔اسی طرح جو شہری موٹرسائیکل اسٹینڈ کے بجائے غلط مقامات پر پارکنگ کر رہے ہیں، ان کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد عوام کو سزا دینا نہیں بلکہ ان کی زندگی کو محفوظ بنانا ہے۔ ہیلمٹ کا استعمال صرف قانونی تقاضا نہیں بلکہ جان کی حفاظت ہے، ہمارے لیے ایک یاد دہانی ہے کہ قوانین ہماری دشمنی کے لیے نہیں، بلکہ ہماری زندگیوں کو بچانے کے لیے بنائے گئے ہیں۔یہ وقت ہے کہ ہم بحیثیت قوم اپنی سوچ اور عمل میں تبدیلی لائیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے بچوں، بھائیوں، دوستوں کو بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے سے روکیں۔ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے اردگرد کے لوگوں کو بھی قانون کی پاسداری کی طرف راغب کریں۔ میڈیا، تعلیمی ادارے، مذہبی شخصیات اور سماجی تنظیمیں اس آگاہی مہم کو مزید موثر بنا سکتے ہیں۔اگر ایک سادہ سا ہیلمٹ پہننے سے ایک قیمتی جان بچ سکتی ہے، تو اس سے بڑھ کر اور کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟آیئے! آج ہی فیصلہ کریں کہ ہم صرف اپنی نہیں، اپنے خاندان اور معاشرے کی بھی حفاظت کریں گے۔ ہیلمٹ پہنیں، قانون کا احترام کریں، اور ایک محفوظ پاکستان کی بنیاد رکھیں۔