بہاولنگر ہارون آباد (نمائندگان)ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت “صاف ستھرا پنجاب” مہم کے سلسلے میں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کا ویڈیو لنک
بہاولنگر ہارون آباد (نمائندگان)ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت “صاف ستھرا پنجاب” مہم کے سلسلے میں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام تحصیلوں میں صفائی و ستھرائی، کوڑا کرکٹ کی تلفی، نکاسی آب، نالوں کی صفائی، شجرکاری اور عوامی آگاہی سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صاف اور صحت مند ماحول شہریوں کا بنیادی حق ہے جسے یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں “صاف ستھرا پنجاب” مہم کو ہر تحصیل، ہر وارڈ اور ہر گلی تک مؤثر انداز میں پہنچایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے عمل کی نگرانی کی جائے، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی کو یقینی بنایا جائے، نالوں کی مکمل صفائی (ڈیسلٹنگ) کا عمل ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، جبکہ شجرکاری مہم کو مانیٹر کیا جائے تاکہ ماحولیاتی بہتری کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ اجلاس میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے شکایتی سیل کو فعال کرنے کی بھی ہدایات دی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ خود فیلڈ میں نکلیں اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لے کر موقع پر ہدایات جاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔