موضع غلام سندھی کی خاتون کا پریس کانفرنس میں الزام: “پولیس اہلکاروں نے گھر پر چھاپہ مار کر بیٹیوں کو حراست میں لیا”
موضع غلام سندھی کی خاتون کا پریس کانفرنس میں الزام: “پولیس اہلکاروں نے گھر پر چھاپہ مار کر بیٹیوں کو حراست میں لیا”
میلسی (محمدمختارسولگی)
موضع غلام سندھی کی رہائشی بزرگ خاتون ممتاز مائی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ 19 جولائی 2025 کو دوپہر کے وقت پولیس اہلکاروں کی ایک نفری نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا، دیواریں پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اور گیٹ کے تالے توڑ کر اپنے تالے لگا دیے۔
ان کے مطابق، پولیس اہلکاروں نے ان کی 35 سالہ حاملہ بیٹی بابرہ، 20 سالہ نابینا بیٹی آمنہ اور 18 سالہ نابینا بیٹی ثمینہ کو زبردستی حراست میں لیا، تشدد کیا اور تھانہ صدر منتقل کر دیا۔ ان کے ساتھ دیور کے بیٹے نزاکت اور لیاقت کو بھی تھانے لے جایا گیا۔
ممتاز مائی نے پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ ان کی بیٹیوں کو رات بھر تھانے میں رکھا گیا اور ان پر دباؤ ڈالا جاتا رہا کہ وہ وقاص شمس نامی شخص کے نام چار کنال اراضی کا انتقال کر دیں۔
خاتون کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے ان سے زمین مستاجری پر حاصل کی تھی، تاہم بعد ازاں اشٹام پر انگوٹھا لگوا کر زمین اپنے نام کروانے کی کوشش کی۔ ممتاز مائی کے بقول، انہوں نے جعلسازی کے خلاف سول عدالت سے رجوع کیا اور سٹے آرڈر حاصل کیا، لیکن ان کا الزام ہے کہ پولیس اہلکاروں نے سٹے آرڈر کو نظرانداز کر کے کارروائی جاری رکھی۔
ایس ایچ او تھانہ صدر شمعون جوئیہ کا کہناہے کہ زمین قبضہ کے کیس میں ملوث افراد کو گرفتار کیاگیاہے متعلقہ خواتین خود تھانے آئی ہیں پولیس نے گرفتار نہیں کیا