خیبرپختونخوا کی 11 سینیٹ نشستوں پر پولنگ کی تاریخ کا نوٹیفکیشن جاری۔
خیبرپختونخوا کی 11 سینیٹ نشستوں پر پولنگ کی تاریخ کا نوٹیفکیشن جاری۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 7 جنرل ، 2 خواتین اور 2 علما کی نشستوں پر سینیٹ الیکشن ہوگا۔
پشاور(نمائندہ فاطمہ جعفر) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر پولنگ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔خیبر پختوانخوا اسمبلی میں سینیٹ کی نشستوں کیلئے پولنگ 21 جولائی کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 7 جنرل، 2 خواتین اور 2 علما کی نشستوں پر سینیٹ الیکشن ہو گا۔الیکشن کمیشن نے 2 اپریل 2024 کو سینیٹ نشستوں پر انتخابات اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کی طرف سے مخصوص نشستوں پرمنتخب ممبران صوبائی اسمبلی سے حلف نہ لینے اور الیکٹورل کالج نامکمل ہونے کی وجہ سے ملتوی کیے تھے۔سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے سیکرٹری خیبر پختونخوا اسمبلی کو خط میں کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا سے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور اب امیدواروں کا آئین کے مطابق حلف ہونا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری خیبر پختونخوا اسمبلی ممبران کے حلف کیلئے جلدی انتظامات کریں تاکہ خیبر پختونخوا کی سینیٹ نشستوں پر الیکشن 21 جولائی کو کرایا جا سکے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سینیٹر ثانیہ نشتر کے استعفے کے بعد ان کی خالی نشست پر بھی الیکشن شیڈیول کا اعلان کیا، پولنگ 31 جولائی کو ہو گی۔سینیٹر ساجد میر کی وفات سے پنجاب سے سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ 21 جولائی کو ہو گی ۔ادھر الیکشن کمیشن نے 2جولائی 2025 کو مخصوص نشستوں پر جن ممبران قومی اور صوبائی اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، ان کی حلف برداری کیلئے بھی اسپیکر قومی و صوبائی اسمبلیوں کو خط ارسال کر دیے۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ ارکان سے حلف لیا جائے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال سکیں اور خیبر پختونخوا اور پنجاب کے سینٹ الیکشن میں ووٹ کاسٹ کر سکیں۔