`اووربلنگ کے خلاف ’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘ ایپ کا افتتاح، وزیراعظم کا پی ٹی وی کی فیس بھی ختم کرنے کا اعلان`
`اووربلنگ کے خلاف ’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘ ایپ کا افتتاح، وزیراعظم کا پی ٹی وی کی فیس بھی ختم کرنے کا اعلان`
پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے توانائی کے شعبے میں شفافیت کو فروغ دینے اور اووربلنگ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے پاور سمارٹ موبائل ایپ ’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘ کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔
اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے وزیراعظم نے کہا کہ اداروں کو جدید بنانا اور عوامی خدمات کو ڈیجیٹلائز کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انھوں نے اس ایپ کے اجرا کو توانائی کے شعبے میں ایک ’انقلابی اصلاحات‘ کا حصہ قرار دیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میٹر ریڈنگ کا موجودہ نظام ’میٹر ریڈر کے ہاتھوں تباہ ہو چکا تھا‘ اور یہ نئی ایپ بجلی کے صارفین کو اپنی ریڈنگ خود جمع کرانے کا اختیار دے گی، جو ایک شفاف اور مؤثر طریقہ ہے۔
وزیراعظم نے بجلی کے بلوں سے پی ٹی وی فیس کے خاتمے کا بھی اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں صارفین سے ہر ماہ 35 روپے پی ٹی وی فیس وصول کی جا رہی تھی۔
تقریباً 4 کروڑ سے زائد صارفین سے صرف پی ٹی وی فیس کی مد میں تقریبا ڈیڑھ ارب روپے تک وصول کیے جارہے تھے۔ یہ ریلیف گھریلو، کمرشل، اور تمام کیٹگریز کے صارفین کے لیے ہوگا۔
`پاور سمارٹ ایپ کیسے کام کرتی ہے؟`
وزارت توانائی کے مطابق یہ فیچر بجلی صارفین کو مقررہ تاریخ پر اپنے میٹر کی تصویر لے کر ایپ پر اپ لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے، جس کی بنیاد پر ان کا ماہانہ بل جاری کیا جائے گا۔ اس نظام کا مقصد اوور بلنگ، ریڈنگ کی غلطیوں اور ریڈنگ میں تاخیر جیسے دیرینہ مسائل کا مؤثر حل فراہم کرنا ہے۔
وزارت کے مطابق یہ صرف ایک ٹیکنالوجی فیچر نہیں بلکہ گورننس میں ایک ٹھوس اصلاح ہے، جو صارفین کو حقیقی معنوں میں بااختیار بناتی ہے۔ اس نظام سے صارفین نہ صرف اپنے بل پر نظر رکھ سکیں گے بلکہ اب وہ ریڈنگ کے عمل کے نگہبان بھی ہوں گے۔
ایپ میں شامل نمایاں فیچرز کے مطابق اگر صارف مقررہ دن پر ریڈنگ فراہم کر دے تو اس دن کے بعد لی گئی میٹر ریڈر کی ریڈنگ کو ترجیح نہیں دی جائے گی اور صرف صارف کی فراہم کردہ ریڈنگ ہی فیڈ کی جائے گی۔
یہ نظام خاص طور پر اُن صارفین کے لیے فائدہ مند ہے جو حکومتی سبسڈی کے مستحق ہیں۔
وزات توانائی کے مطابق 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کا بل تقریباً 2,330 روپے ہوتا ہے لیکن صرف ایک یونٹ کے اضافے پر سبسڈی ختم ہونے کے باعث بل 8,104 روپے تک جا پہنچتا ہے۔
اس ایپ کے ذریعے یہ یقینی بنایا جا سکے گا کہ مستحقین بروقت ریڈنگ فراہم کر کے اپنی سبسڈی سے مستفید رہیں۔
وزرات توانائی کے دعوے کے مطابق ’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘ جیسے فیچرز بجلی کے نظام میں نہ صرف شفافیت پیدا کریں گے بلکہ صارفین کو اس حد تک بااختیار بنائیں گے کہ وہ خود اپنی بلنگ کی نگرانی کر سکیں