بیو رو چیف *میلسی: شہریوں کے احتجاج کے باوجود تین ٹائم واٹر سپلائی بحال نہ ہو سکی، شدید گرمی میں عوام پریشان*
بیو رو چیف *میلسی: شہریوں کے احتجاج کے باوجود تین ٹائم واٹر سپلائی بحال نہ ہو سکی، شدید گرمی میں عوام پریشان*
*میلسی * شدید گرمی اور شہریوں کے بارہا احتجاج کے باوجود میلسی میں تین ٹائم واٹر سپلائی کا نظام بحال نہ کیا جا سکا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار تحریری و زبانی درخواستیں دینے کے باوجود میونسپل انتظامیہ نے کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں اٹھایا۔
واٹر سپلائی کا دورانیہ تین گھنٹے سے کم کر کے دو گھنٹے کر دیا گیا ہے، جس پر شہریوں نے سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرمی کی شدت میں پانی کی قلت ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔
واٹر انچارج مہر عزیز کا مؤقف ہے کہ تین وقت پانی فراہم کرنے سے شہر بھر میں سیوریج کا پانی ابل پڑتا ہے، کیونکہ سیوریج لائنیں بند ہیں۔ اس کے برعکس، سینٹری انسپیکٹر سلامت مسیح کا کہنا ہے کہ شہر کی تمام سیوریج لائنیں صاف اور مکمل طور پر فعال ہیں۔
عوامی حلقوں نے اس متضاد بیانیے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر میلسی، ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور کمشنر ملتان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر ڈسپوزل پر تعینات عملہ اس وقت تک گندے پانی کی نکاسی نہیں کرتا جب تک کسی کاشتکار کی طرف سے رقم وصول نہ ہو، جس کی وجہ سے ڈسپوزل بھر جاتے ہیں اور گندہ پانی سڑکوں پر بہنے لگتا ہے، جس سے شہر میں تعفن اور بیماریوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے اس معاملے کی شکایت ڈپٹی کمشنر کو کی تو میونسپل کمیٹی کے متعلقہ افسران نے محض ایک روز کے لیے واٹر سپلائی بحال کی، اور اگلے ہی روز دوبارہ معطل کر دی۔
*عوامی نمائندوں اور متعلقہ حکام سے فوری اصلاح احوال کی اپیل کی گئی ہے تاکہ شہری اس شدید گرمی میں پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم نہ رہیں۔*