November 16, 2026

کاشی چوہان -کراچی ‎سندھ طاس معاہدہ اور ثالثی عدالت کا فیصلہ ‎

IMG-20250626-WA0274(1)

کاشی چوہان -کراچی
‎سندھ طاس معاہدہ اور ثالثی عدالت کا فیصلہ
‎
‎برصغیر کی تقسیم کے بعد سے ہی پانی ایک ایسا مسئلہ رہا ہے جس پر صرف زمین کی حد بندی نہیں، بلکہ بقا کی جنگ بھی لڑی جاتی رہی ہے۔ سندھ طاس معاہدہ جو 1960 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان عالمی بینک کی ثالثی میں طے پایا، اس کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان دریاؤں کے پانی کی منصفانہ تقسیم تھی۔ اس معاہدے کے تحت تین مشرقی دریا (ستلج، راوی، بیاس) بھارت کو دیے گئے، جبکہ تین مغربی دریا (سندھ، جہلم، چناب) پاکستان کے لیے مخصوص کیے گئے۔ یہ معاہدہ اپنے وقت میں ایک بڑی سفارتی کامیابی تصور کیا گیا، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کی جانب سے اس کی خلاف ورزیوں نے نہ صرف اس معاہدے کو کمزور کیا بلکہ پاکستان کی زرعی معیشت کے لیے خطرے کی گھنٹی بھی بجا دی۔ بھارت نے مغربی دریاؤں پر کئی منصوبے شروع کیے جن میں بگلیہار، کشن گنگا اور رتلے ڈیم جیسے منصوبے شامل ہیں، جن پر پاکستان کو شدید تحفظات ہیں۔ ان منصوبوں کے خلاف پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کی، جس کا نتیجہ ثالثی عدالت کے دروازے پر دستک دینے کی صورت میں نکلا۔ حالیہ ثالثی عدالت کا فیصلہ جس میں پاکستان کے مؤقف کو تقویت ملی اور بھارت کے اعتراضات کو مسترد کیا گیا، یہ نہ صرف قانونی اور سفارتی سطح پر ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ پانی کے مستقبل کے حوالے سے پاکستانی عوام کی بےچینی کو وقتی طور پر کچھ قرار ضرور دے سکتا ہے۔ مگر اصل سوال یہ ہے کہ کیا محض بین الاقوامی فیصلے ہماری آبی بقاء کے ضامن ہو سکتے ہیں؟ بھارت نے پہلے بھی معاہدے کی روح کے خلاف کام کیا، اور اب بھی اگر عملی نگرانی اور عالمی دباؤ نہ ڈالا گیا تو یہ خطرہ برقرار رہے گا۔ پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ وہ سفارتی سطح پر مسلسل متحرک رہے، ساتھ ہی اندرونِ ملک پانی کے ذخائر، آبی منصوبوں، اور زراعت کے جدید طریقوں پر سنجیدگی سے توجہ دے تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال کا مقابلہ کیا جا سکے۔ یہ وقت جذبات یا نعرے لگانے کا نہیں، بلکہ دانش، منصوبہ بندی اور قومی یکجہتی سے کام لینے کا ہے، کیونکہ پانی کی یہ جنگ صرف سیاستدانوں کی میزوں پر نہیں، ہمارے کھیتوں، ہماری فصلوں اور ہمارے بچوں کے مستقبل پر لڑی جا رہی ہے۔ ثالثی عدالت کا فیصلہ وقتی سکون ہے، لیکن مستقل کامیابی کے لیے پاکستان کو اندرونی سطح پر خود بھی بہت کچھ ٹھیک کرنا ہوگا، ورنہ فیصلے کی سیاہی سوکھنے سے پہلے ہی دریا خشک ہو جائیں گے۔
‎
‎