November 16, 2026

کیا حماس اپنا وجود برقرار رکھ سکے گی؟

20250626_212224

کیا حماس اپنا وجود برقرار رکھ سکے گی؟

یہ فلسطینی عسکریت پسند تنظیم کمانڈروں کی کمی، سرنگوں کے نیٹ ورک کی تباہی، ایران کی دہائیوں سے جاری حمایت کی اب غیر یقینی صورتحال، مقامی قبائل کی بغاوت اور اسرائیلی فوجی دباؤ کے سامنے کمزور دکھائی دے رہی ہے۔

فلسطینی عکسریت پسند تنظیم حماس کو کمانڈروں کی کمی، سرنگوں کے نیٹ ورک کے بڑے حصے کی تباہی اور ایران کی غیر یقینی حمایت جیسے مسائل کے ساتھ ساتھ مقامی قبائل کی بغاوت اور اسرائیلی فوج کے مسلسل دباؤ کا سامنا ہے۔ 1987ء میں اپنے قیام اور 2007ء میں غزہ پر حکمرانی کے آغاز کے بعد سے ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ یہ تنظیم اپنی بقا کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرنے اور حماس سے قریبی تعلق رکھنے والے تین ذرائع کے مطابق اس تنظیم کے جنگجو اب مرکزی کمان کے بغیر خود مختار انداز میں کام کر رہے ہیں اور ان کا بنیادی ہدف زیادہ سے زیادہ دیر تک مزاحمت برقرار رکھنا ہے۔ تاہم اسرائیل کی جانب سے حماس مخالف قبائل کی کھلم کھلا حمایت کے باعث اس تنظیم کے لیے غزہ پٹی پر اپنی گرفت قائم رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

زخم خوردہ لیکن قائم

غزہ پٹی میں انسانی بحران کے شدت اختیار کر جانے اور جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی دباؤ میں اضافے کے باعث حماس بھی لڑائی میں وقفے کی شدید خواہش مند ہے۔ ایک ذریعے کا کہنا تھا کہ جنگ بندی نہ صرف غزہ کے تھکے ہارے عوام کو کچھ راحت دے سکتی ہے بلکہ حماس کو بھی یہ موقع فراہم کر سکتی ہے کہ وہ ان باغی عناصر، قبائل اور امدادی سامان لوٹنے والوں سے نمٹے، جو تنظیم کی کمزوری سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

روئٹرز نے اس رپورٹ کے لیے حماس سے قریبی تعلق رکھنے والے افراد، اسرائیلی سکیورٹی ذرائع اور سفارتکاروں سمیت 16 افراد سے بات کی۔ ان سب کا عمومی تجزیہ یہی تھا کہ اگرچہ حماس کو شدید دھچکا لگا ہے تاہم وہ غزہ میں اب بھی کسی حد تک اثر و رسوخ اور محدود عملی صلاحیت رکھتی ہے تاہم اسے شدید چیلنجز کا سامنا بھی ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق گزشتہ منگل کے روز جنوبی غزہ پٹی میں ایک حملے میں حماس نے سات اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ تنظیم محدود پیمانے پر حملے کرنے کی صلاحیت اب بھی رکھتی ہے۔ تاہم مشرق وسطیٰ کے تین سفارتکاروں کے مطابق انٹیلیجنس رپورٹیں بتاتی ہیں کہ حماس کا مرکزی کمان اور کنٹرول کا نظام تقریباً ختم ہو چکا ہے اور وہ صرف محدود اور اچانک حملے ہی کر سکتی ہے۔

اسرائیلی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک حماس کے 20,000 سے زائد جنگجوؤں کو ہلاک کیا جا چکا ہے اور اس ساحلی پٹی کے نیچے بنائی گئی سینکڑوں میل لمبی سرنگیں تباہ یا ناکارہ بنا دی گئی ہیں۔ قریب دو برسوں سے جاری اس جنگ میں غزہ پٹی کا بڑا حصہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔