November 16, 2026

سپاہی سے ڈپٹی کمشنر تک (خودنوشت سوانح عمری)

IMG-20250626-WA0245

سپاہی سے ڈپٹی کمشنر تک
(خودنوشت سوانح عمری)
مصنف: عبدالغفور چودھری (ریٹائرڈ ڈپٹی کمشنر)
تبصرہ نگار۔۔ علامہ عبدالستار عاصم
یہ کتاب صرف ایک انسان کی داستانِ حیات نہیں، بلکہ عزم، محنت اور یقین کی وہ شمع ہے جو اندھیروں میں راستہ دکھاتی ہے۔ عبدالغفور چودھری کی زندگی کا سفر، ایک ان پڑھ کاشتکار والدین کے بیٹے سے لے کر حکومت پنجاب کے ایک بلند منصب — ڈپٹی کمشنر — تک، اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر ارادے سچے ہوں تو کوئی منزل دور نہیں۔
یہ سوانح عمری نوجوان نسل کے لیے ایک سبق ہے کہ وسائل کی کمی کبھی بھی انسانی ترقی میں رکاوٹ نہیں بنتی اگر ہدف واضح اور جذبہ خالص ہو۔ بغیر ٹاٹوں کے اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والا یہ بچہ، افواجِ پاکستان میں بطور سپاہی شامل ہوتا ہے اور پھر اپنی قابلیت، محنت اور دیانت سے ترقی کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے انتظامی خدمات کا اعلیٰ مقام حاصل کرتا ہے۔
اس کتاب میں صرف ذاتی کامیابی کی داستان نہیں بلکہ ایک اور گہرا پیغام بھی پوشیدہ ہے:
“اگر آپ زمین والوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے تو آسمان والا آپ کے لیے راستے کھول دے گا۔”
یہ کتاب ہر اس فرد کے لیے ہے جو خواب دیکھتا ہے اور انہیں حقیقت بنانے کا حوصلہ رکھتا ہے۔
“سپاہی سے ڈپٹی کمشنر تک” صرف ایک داستان نہیں، ایک مشعلِ راہ ہے۔
عبدالغفور چودھری کی خودنوشت “سپاہی سے ڈپٹی کمشنر تک” صرف ایک فرد کی سوانح نہیں بلکہ ایک دور کی آئینہ دار ہے۔ اس کتاب کا ایک نہایت اہم اور مثبت پیغام یہ ہے کہ اگر آپ فرش والوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں تو عرش والا آپ کے لیے آسانیاں پیدا فرما دیتا ہے۔ مصنف نے اس اصول کی سچائی کو اپنی زندگی کی درجنوں مثالوں سے ثابت کیا ہے۔ ایک معمولی سپاہی سے ڈپٹی کمشنر کے اعلیٰ عہدے تک کا سفر نہ صرف محنت، خلوص اور دیانتداری کا سفر ہے بلکہ یہ ایک سبق آموز داستان بھی ہے کہ کس طرح نیک نیتی، خالص ارادہ اور عوامی خدمت کا جذبہ انسان کو عزتوں سے نوازتا ہے۔
کتاب کا دوسرا قابلِ غور پہلو ہمارے سیاسی و انتظامی نظام کا بے لاگ تجزیہ ہے۔ مصنف نے نہایت جرات مندی سے اس تلخ حقیقت کو بیان کیا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ سیاست دانوں کا کردار کس قدر منفی ہوتا چلا گیا۔ ایک زمانہ تھا کہ سیاست دان ڈپٹی کمشنر جیسے افسران سے ملاقات کے لیے ترستے تھے، اور ناجائز سفارش کا تو تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ مگر پھر ایک ایسا دور آیا جب بااختیار اور دیانتدار افسران کو بے دست و پا کر دیا گیا۔ افسر شاہی کو میٹرک پاس ناظمین کے سپرد کر کے ان کی عزت و اختیار کو مجروح کیا گیا۔ ٹرانسفر اور پوسٹنگ جیسے معاملات بھی سیاسی سفارش کے تابع ہو گئے۔ نتیجتاً جو افسران سیاست دانوں کے ناجائز احکامات کو تسلیم نہیں کرتے تھے، وہ دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو گئے۔
یہ کتاب ایک طرف جہاں ایک سرکاری ملازم کی انتھک محنت، راست بازی اور عوامی خدمت کی کہانی ہے، وہیں دوسری طرف یہ ہمارے نظام کے اندرونی بگاڑ، سیاسی مداخلت اور دیانتدار افراد کے استحصال کا نوحہ بھی ہے۔ یہ خودنوشت ہر اس فرد کے لیے مشعلِ راہ ہے جو خدمتِ خلق، نظام کی بہتری اور عزت و وقار کے ساتھ جینے کا خواب دیکھتا ہے۔مصنف عبدالغفور چودھری نے اپنی عملی زندگی میں نہایت متحرک، محنتی اور باصلاحیت افسر ہونے کا ثبوت دیا۔ انہوں نے نہ صرف سی ایس ایس بلکہ پی سی ایس / پی ایم ایس جیسے اہم اور مقابلے کے امتحانات میں بھی شمولیت اختیار کی اور کامیابی حاصل کی۔ اپنی سروس کے دوران انہوں نے مختلف نوعیت کی سیٹوں پر خدمات انجام دیں ، کہیں اسسٹنٹ کمشنر کی سطح پر عوامی مسائل کے حل میں پیش پیش رہے، تو کہیں ڈپٹی کمشنر جیسے کلیدی عہدوں پر حکومتی مشینری کو مؤثر انداز میں چلایا۔
مصنف کے فرائض کی وسعت اور ان کے تجربات کا دائرہ نہایت متنوع ہے۔ وہ فوج، ریونیو، ایڈمنسٹریشن، عدلیہ، بلدیات، ترقیاتی اداروں اور دیگر کئی شعبہ جات میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ یہ کتاب ان تمام تجربات کا نچوڑ ہے جو نہ صرف موجودہ سرکاری افسران کے لیے سبق آموز ہے بلکہ سروس میں آنے کے خواہش مند نوجوانوں کے لیے بھی ایک مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ ان کی محنت، دیانت، راست گوئی اور اصول پسندی ہر اس فرد کے لیے مثالی نمونہ ہے جو سول سروس کو محض نوکری نہیں بلکہ ایک عبادت اور قومی فریضہ سمجھتا ہے
سپاہی سے ڈپٹی کمشنر تک محض ایک سوانحی سفر نہیں بلکہ ایک فکری اور عملی دستور العمل ہے۔ اس میں بیان کیے گئے واقعات، مشاہدات اور تجربات نہایت سادہ لیکن دل نشین انداز میں پیش کیے گئے ہیں، جن سے نہ صرف ماضی کے حالات کا پتہ چلتا ہے بلکہ موجودہ دور کی خرابیوں کی جڑیں بھی عیاں ہوتی ہیں۔
مصنف کی زندگی اور خدمات ایک مثال ہیں کہ کوئی بھی فرد اگر خلوص نیت، استقامت، محنت اور اصول پسندی کو اپنا شعار بنا لے تو وہ نہ صرف ذاتی ترقی حاصل کر سکتا ہے بلکہ معاشرے کے لیے بھی مثبت تبدیلی کا سبب بن سکتا ہے۔ یہ کتاب ہر طالب علم، ہر سرکاری افسر اور ہر اس شخص کے لیے مفید ہے جو پاکستان کے اداروں کو بہتر دیکھنے کا خواہاں ہے۔مصنف نے اس کتاب میں نوجوان نسل کی رہنمائی کے لیے ایک خصوصی باب: ” مقابلہ جاتی امتحان کی تیاری کیسے کی جائے” کا اضافہ کر کے نئی نسل کے لیے ایک گراں قدر خدمت انجام دی ہے۔
یقیناً عبدالغفور چودھری کا یہ علمی و عملی اثاثہ آنے والی نسلوں کو راستہ دکھاتا رہے گا اور ان کے قلم سے نکلی سچائیوں کی گونج نظامِ ریاست کو آئینہ دکھاتی رہے گی۔