*ممتا کا جنازہ*
*ممتا کا جنازہ*
آج قلم لرز رہا ہے، الفاظ رو رہے ہیں، دل زخموں سے چور ہے۔ ابھی کچھ دیر پہلے جس معصوم بچی کی تصویر دل دہلا دینے والی خبر کے ساتھ سوشل میڈیا پر دیکھی، اس کے چہرے پر معصومیت تھی، مگر قسمت نے اس کے حصے میں ایسی سفاکی لکھ دی تھی جس کی مثال شاید تاریخ بھی دینے سے قاصر ہو۔
مرادوال تحصیل ملکوال کے ایک گھر میں، ایک ماں نے اپنی ہی کلی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ جی ہاں، وہی ماں جسے رب نے ممتا کا اعلیٰ درجہ دے کر جنت اس کے قدموں کے نیچے رکھی، وہی ماں آج قاتلہ بن گئی۔ اور قتل بھی کس کے کہنے پر؟ ایک مرد کی تسکین کی خاطر، ایک نئی شادی کے مطالبے پر۔
یہ سن کر روح کانپ جاتی ہے کہ نئی شادی کے لیے ہونے والے شوہر نے شرط رکھی:
“اس بچی کو مار دو۔”
اور ماں نے، ہاں اسی ماں نے، اپنی ممتا کو روندتے ہوئے اپنی گود اجاڑ دی۔ اس کا دل نہ کانپا، ہاتھ نہ لرزے، آنکھیں نہ بھیگیں؟ کیا وہ پل نہیں یاد آئے جب اس بچی نے “امی” کہہ کر پہلی بار پکارا ہوگا؟ کیا راتوں کو جاگ کر اسے دودھ پلانے کے لمحات مٹی ہو گئے تھے؟
یہ صرف ایک قتل نہیں، یہ ایک پورے معاشرے کی بے حسی کی علامت ہے۔
یہ ممتا کی لاش پر ہماری اقدار کا نوحہ ہے۔
یہ اُس سماج کا ماتم ہے جو خودغرضی اور ہوس کے اندھے طوفان میں ہر رشتہ روندتا جا رہا ہے۔
کیا یہی ہمارا مستقبل ہے؟
کیا ہم نے ماں جیسے مقدس رشتے کو اس حد تک پامال کر دیا ہے کہ محبت، قربانی اور ممتہ جیسے الفاظ صرف کتابوں کی حد تک رہ گئے ہیں؟
ہمیں رکنا ہوگا۔
ہمیں سوچنا ہوگا۔
ہمیں ایسے معاشرتی زہر کے خلاف آواز بلند کرنی ہوگی۔
ورنہ کل نہ جانے کتنی اور مائیں، کتنی اور گودیں، کتنی اور کلیاں اس ہوس کی آگ میں جلا دی جائیں گی۔
محمد ارشد للہ