پنجاب میں جنسی جرائم کی بڑھتی لہر: چار ماہ میں زیادتی کے 1223 اور گینگ ریپ کے 382 واقعات رپورٹ
پنجاب میں جنسی جرائم کی بڑھتی لہر: چار ماہ میں زیادتی کے 1223 اور گینگ ریپ کے 382 واقعات رپورٹ
لاہور (محمّد حنیف شاہد ارائیں خصوصی رپورٹ ) — صوبہ پنجاب میں خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم میں ہوش رُبا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ پولیس کے اپنے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے ابتدائی چار ماہ (جنوری تا اپریل 2025) کے دوران صوبے بھر میں زیادتی کے 1223 اور اجتماعی زیادتی (گینگ ریپ) کے 382 واقعات رپورٹ ہوئے۔ یہ صورت حال نہ صرف معاشرتی اقدار کے زوال کی عکاسی ہے بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
روزانہ اوسط: 10 سے زائد زیادتی کے واقعات
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تعداد محض رپورٹ شدہ کیسز کی ہے، جبکہ اصل صورتحال اس سے کہیں زیادہ سنگین ہو سکتی ہے کیونکہ متعدد متاثرہ خاندان بدنامی یا پولیس کے غیر پیشہ ورانہ رویے کی وجہ سے مقدمات درج نہیں کرواتے۔
متاثرین کا تحفظ: نظام کی سب سے بڑی کمزوری
زیادتی کا شکار ہونے والی خواتین اور بچیاں اکثر مقدمہ درج کروانے کے بعد بھی غیر محفوظ رہتی ہیں۔ پولیس میں موجود کرپٹ عناصر کی وجہ سے بعض اوقات متاثرہ فریق کو ہی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ متعدد کیسز میں ملزمان بااثر ہونے کی بنا پر آزاد گھومتے ہیں اور متاثرین کو صلح پر مجبور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ خواتین کی بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے بارہا مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کے لیے خصوصی شیلٹر ہومز، نفسیاتی بحالی کے مراکز اور قانونی امداد کے فوری اقدامات کیے جائیں۔
عدالتی نظام کی سست روی، مجرموں کا حوصلہ بڑھا رہی ہے
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادتی اور گینگ ریپ جیسے جرائم میں تفتیشی عمل، میڈیکل رپورٹس، اور گواہی کا نظام انتہائی پیچیدہ اور سست ہے۔ اکثر اوقات متاثرہ فریق کو انصاف کے لیے سالوں انتظار کرنا پڑتا ہے، اور ملزمان قانونی سقم سے فائدہ اٹھا کر بری ہو جاتے ہیں۔ فاسٹ ٹریک عدالتوں کا قیام، ڈی این اے ٹیسٹ کی فوری دستیابی، اور گواہوں کے تحفظ کا مؤثر نظام ہی ان جرائم کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
حکومتی دعوے اور عملی اقدامات میں خلا
پنجاب حکومت نے ان واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ تاہم زمینی حقائق سے لگتا ہے کہ حکومتی ردعمل صرف بیانات تک محدود ہے۔ سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے اداروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنسی جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کو عملی جامہ پہنائیں، اور پولیس سمیت عدالتی نظام میں جامع اصلاحات متعارف کروائیں۔