لیہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے شوگر کے مریض بچوں کے لیے “گھر گھر انسولین” پروگرام کا ضلع لیہ میں بھی آغاز کر دیا گیا۔
لیہ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے شوگر کے مریض بچوں کے لیے “گھر گھر انسولین” پروگرام کا ضلع لیہ میں بھی آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے کی افتتاحی تقریب ہیلتھ کمپلیکس میں منعقد ہوئی، جس میں 73 شوگر کے مریض بچوں کو مفت انسولین فراہم کی گئی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض نے بچوں اور ان کے والدین کو انسولین فراہم کی اور حکومت پنجاب کی اس عوامی فلاحی سکیم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب کی صحت عامہ کے لیے سنجیدہ کاوشوں کی عملی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوگر کے مریض بچے باقاعدہ انسولین حاصل کر کے ایک صحت مند زندگی گزار سکیں گے۔ اس پروگرام کے ذریعے ہر ضرورت مند تک انسولین گھر کی دہلیز پر پہنچائی جائے گی۔ انسولین حاصل کرنے والے بچوں کے والدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، حکومت پنجاب اور محکمہ صحت کا شکریہ ادا کیا۔