کراچی کی ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار کی اطلاعات کی تصدیق ہو چکی ہے
کراچی کی ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار کی اطلاعات کی تصدیق ہو چکی ہے۔ تازہ ترین رپورٹس کے مطابق، پیر کی رات زلزلے کے جھٹکوں کے دوران قیدیوں کو بیرکوں سے باہر نکالا گیا، جس کے بعد ہنگامہ آرائی شروع ہوئی اور قیدیوں نے جیل کے مین گیٹ سے فرار ہونے کی کوشش کی ۔
جیل سپرنٹنڈنٹ ارشد شاہ کے مطابق، قیدیوں نے بیرک کی کمزور دیوار کو گرا کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے بیان دیا ہے کہ قیدی جیل کی دیوار نہیں توڑ سکے بلکہ مین گیٹ سے فرار ہوئے ۔
اب تک 216 قیدیوں کے فرار کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں سے 80 کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ باقی قیدیوں کی تلاش جاری ہے ۔
واقعے کے دوران ایک قیدی ہلاک ہوا، جبکہ 3 قیدی، 3 ایف سی اہلکار اور 2 جیل پولیس اہلکار زخمی ہوئے ۔
پولیس، رینجرز اور ایف سی نے ملیر جیل کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، اور شہر بھر میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔
اس واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ فرار کے اسباب اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے ۔