جیکب آباد ( نمائندہ دعاء)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی
جیکب آباد ( نمائندہ دعاء)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے گوٹھ بجاری لغاری، مورو میں شہید عرفان لغاری کے ورثاء کی شدید مخالفت کے باوجود شہید کی جبری تدفین کو غیر شرعی اور ناجائز عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ:
“قرآن و سنت اور فقہاء کے فتاویٰ کی روشنی میں بغیر ورثاء کی اجازت کے میت کی جبری تدفین خلافِ شریعت ہے۔”
انہوں نے کہا کہ: شہید عرفان لغاری کے ورثاء مسلسل ان کی میت کے انتظار میں رہے اور حکومت سے باضابطہ تدفین کے لیے مطالبہ کرتے رہے۔ لیکن ریاستی جبر کے نتیجے میں درجنوں بے گناہ شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔ حکومت کو یہ خوف لاحق تھا کہ شہید عرفان لغاری کی تشییع جنازہ کسی بڑے احتجاج میں نہ بدل جائے۔ اسی ڈر کے سبب سندھ حکومت نے جنرل ضیاء کے جابرانہ دور کی یاد تازہ کرتے ہوئے، عرفان لغاری کو جبرًا دفن کر دیا۔
انہوں نے اس جبری تدفین کو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور نواب اکبر خان بگٹی کی جبری تدفین سے تشبیہ دی، جو آمریت کے سیاہ ادوار میں بندوقوں اور بکتر بند گاڑیوں کے حصار میں انجام پائی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ: پیپلز پارٹی کا نام نہاد جمہوری دور، دراصل آمریت کے سائے میں پل رہا ہے۔ سندھ میں جمہوریت کا نام لے کر جبر، ظلم اور تشدد کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ببرلو کے پرامن دھرنے کو پرتشدد بنانے کی سازش کی گئی، اور اب ایک بار پھر مورو میں جبر کا سہارا لیا گیا۔
علامہ مقصود علی ڈونکی نے کہا کہ: ہم سندھ کے مظلوم شہید عرفان لغاری کے ورثاء کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ سندھ کا ہر شہری اس شہید کا وارث ہے۔ سندھ حکومت نے شہید عرفان لغاری کو لاوارث سمجھ کر جبری تدفین کی، مگر سندھ کے سات کروڑ غیرت مند عوام ان کے وارث ہیں۔”
آخر میں انہوں نے سندھ حکومت کو خبردار کیا کہ: جبر و تشدد کا یہ سلسلہ اگر جاری رہا تو سندھ کی عوام ایسا طوفان کھڑا کرے گی جو ان ظالموں کے اقتدار کو بہا کر لے جائے گا۔ لہذا سندھ حکومت کو چاہیے کہ وہ وارثان شہداء کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے بجائے مرہم رکھے اور مسائل کو پرامن طریقے سے حل کرے۔