November 16, 2026

آئینہ وقت قسط 1: محبت اور وفاداری — دل اور عمل کا رشتہ تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں

20250521_113122

آئینہ وقت

قسط 1: محبت اور وفاداری — دل اور عمل کا رشتہ
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں

محبت ایک احساس ہے، وفاداری ایک امتحان۔
محبت خاموشی سے جنم لیتی ہے، اور وفاداری شور کے بغیر نبھائی جاتی ہے۔
دنیا محبت کے گیت گاتی ہے، لیکن وفاداری کی داستانیں کم لکھی جاتی ہیں۔

محبت وہ ہے جو ماں کی آنکھ میں جھلکتی ہے،
اور وفاداری وہ ہے جو باپ کی کمر کے جھکاؤ میں چھپی ہوتی ہے۔

محبت جذبات کو بیدار کرتی ہے،
جبکہ وفاداری ان جذبات کو زندگی بھر کے سفر میں نبھاتی ہے۔

آج کا انسان محبت کو لمحاتی خوشی سمجھتا ہے،
جبکہ اصل محبت وہ ہے جو وفاداری کے امتحان سے گزر کر کندن بنتی ہے۔

محبت اگر بیج ہے تو وفاداری پانی ہے —
بیج لگانا آسان ہے، مگر روز پانی دینا صبر اور استقامت مانگتا ہے۔

ایک شوہر کی محبت اپنی بیوی کے لیے الفاظ میں ہو سکتی ہے،
لیکن اس کی وفاداری، اُس وقت ناپی جاتی ہے
جب زمانہ اُسے بھٹکانے کی کوشش کرے اور وہ جھکنے کے بجائے سنبھل جائے۔

ایک سپاہی کی محبت وطن سے ہو سکتی ہے،
لیکن اس کی وفاداری سرحد پر کھڑے رہنے میں ہے، چاہے پیچھے کوئی یاد کرتا ہو یا نہیں۔

ایک دوست محبت میں وعدے کر سکتا ہے،
مگر وفاداری وہ ہے جب وقت خراب ہو اور وہ بھیڑ سے ہٹ کر ساتھ کھڑا ہو۔

سچ تو یہ ہے کہ:

محبت، وہ خوشبو ہے جو دل کو مہکاتی ہے۔
اور وفاداری، وہ روشنی ہے جو اندھیروں میں راہ دکھاتی ہے۔

محبت کہلانا آسان ہے،
مگر وفادار کہلانا —
بس یہی اصل محبت کا ثبوت ہے۔

— محمد حنیف شاہد ارائیں