کآش میں موبائل ہوتا*
*کآش میں موبائل ہوتا*
.چُھٹی کا دن تھا، شوہر حسبِ معمول موبائل پر مصروف تھا اور بیوی قریب بیٹھی پیپرچیک کررہی تھی۔ اچانک اس کی آنکھوں سے آنسو بہہ نکلے۔ کیا ہوا؟ کیوں رو رہی ہو؟ شوہر نے گھبرا کر پوچھا۔ میں نے آج اپنی کلاس میں بچوں کو ماہانہ ٹیسٹ میں لفظ’’کاش!‘‘کے تحت ایک مضمون ((Essay لکھنے کو دیا تھا، بچوں نے مختلف عنوانات (Topics) پر لکھا ہے: کسی نے’’ کاش! میں قلم ہوتا‘‘پر لکھا تو کسی نے’’ کاش! میں کتاب ہوتا ‘‘وغیرہ کے عنوان پر، لیکن ایک بچے کے مضمون نے مجھے افسردہ (Depressed)کردیا اور میں اپنے آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکی ۔شوہر کہنے لگا :اس نے ایسا کیا لکھ دیا؟ جواب میں بیوی نے کہا:اس بچے نے ’’کاش! میں موبائل ہوتا‘‘ کے تحت لکھا ہے :میں اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا ہوں، اب ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ وہ مجھ پر خصوصی توجہ دیتے، میری بات سنتے، میرے مسائل(Problems)کو سمجھتے اور ان کو حل کرتے مگر ایسا نہیں ہے، اب تو میں ان کی رہی سہی توجہ سے بھی محروم ہورہا ہوں، ابوایک فرم میں اہم عہدے پر ہیں، وہ گھر پر آتے ہیں تو موبائل فون میں مصروف ہوجاتے ہیں، میں کچھ بات کرنا چاہوں تو کہتے ہیں: اپنی امی سے بات کرلو۔اگر کبھی سننے پر تیار ہوبھی جائیں تو جونہی موبائل کی بیل بجتی ہے بات ادھوری (Incomplete) چھوڑ کر فوراً موبائل اٹھاتے ہیں، اسی طرح امی بھی موبائل میں مصروف رہتی ہیں، کاش ! میں موبائل ہوتا، تو کم از کم اپنے امی ابو کیلئے اہم تو ہوتا ! ان کے پاس میرے لئے وقت ہی وقت ہوتا!یہ سن کر شوہر نے کہا: ٹھیک ہے کہ یہ بچہ اپنے والدین کے رویّے (Attitude) کی وجہ سے پریشان ہے لیکن تم کیوں رو رو کر اپنی جان ہلکان کررہی ہو؟ بیوی تڑپ کر بولی: یہ سب کچھ کسی اور نے نہیں ہمارے اپنے اکلوتے بیٹے نے لکھا ہے ۔ اب شوہر بھی شرم کے مارے کچھ بول نہ پایا اور آنکھیں بند کرکے اپنے رویّے پر پچھتانے لگا۔
*📌پیغام حکایت:*
اس دنیا میں ہرشخص کسی نہ کسی حوالے سے مصروف ہے، لیکن بارہا ایسا ہوتا ہے کہ ایک مصروفیت کی وجہ سے دوسرا اہم کام کرنے سے رہ جاتا ہے جیسا کہ فرضی حکایت میں بیان کیا گیا ہے۔ اسی طرح ٭بیٹا کمانے میں اتنا مصروف ہوجاتا ہے کہ بوڑھے والدین کے پاس تھوڑی دیر بیٹھنے اور ان سے پیار کے دوبول بولنے کا موقع نہیں ملتا ٭ بیوی گھر اور بچوں میں اتنی مصروف ہوجاتی ہے کہ سکون سے بیٹھ کر شوہر کی بات سننے کے لئے اس کے پاس وقت نہیں ہوتا ٭اپنی اپنی مصروفیات کی وجہ سے پڑوسی اتنا قریب رہتے ہوئے بھی ایک دوسرے کے دُکھ سُکھ میں شریک نہیں ہوپاتے ٭ گھر کا مالک اتنا مصروف ہوتا ہے کہ اس کے پاس دن رات ڈیوٹی کرنے والے گھر کے چوکیدار کی طرف مسکرا کر دیکھنے کا وقت نہیں ہوتا ٭بعضوں کی دفتری مصروفیت اتنی ہوتی ہے کہ وہ دفتر کا کام گھر پر بھی لے آتے ہیں جس کے نتیجے میں گھریلوزندگی نارمل نہیں رہتی ٭باپ دولت کمانے میں اتنا مصروف ہوجاتا ہے کہ اسے خبر ہی نہیں ہوتی کہ اس کی اولاد کیسی صحبت (Company) میں اُٹھتی بیٹھتی ہے! اس کے اخلاق بگڑ رہے ہیں یا سنور رہے ہیں! ٭بعض اپنے دوستوں کے ساتھ ایسے مصروف ہوتے ہیں کہ قریبی رشتہ داروں بلکہ سگے بھائی کو بھی وقت نہیں دیتے ٭بعض لوگ مختلف کاموں میں ایسے مصروف ہوتے ہیں کہ اہم ترین کام فرض نمازوں کی ادائیگی سے بھی مسلسل محروم رہتے ہیں۔ خلاصہ یہ کہ مصروفیات کی بھرمار ہمیں سوچنے کی فرصت ہی نہیں دیتی کہ ہم کس کس کو نظر انداز کررہے ہیں۔