انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ کی صوبے کے تمام ڈویژنز کےریجنل پولیس افسران کے ساتھ ویڈیو لنک کانفرنس، پشاور( سید گوہر شاہ )
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ کی صوبے کے تمام ڈویژنز کےریجنل پولیس افسران کے ساتھ ویڈیو لنک کانفرنس،
پشاور( سید گوہر شاہ )
صوبہ بھر میں جاری ملکی اور غیر ملکی پرا جکٹس پر مامور غیر ملکیوں کی سیکورٹی کا جائزہ لیا گیا، نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہونے والی کارروائیوں پر بریفنگ، سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت،عوام کی فلاح و بہبود کیلئے صوبہ بھر میں سہولت مراکز قائم کرنے کی ہدایت، زیر تعمیر عمارات کے کام کی بابت بھی افسران سے رپورٹ لی،عوامی پولیسنگ کے فروغ اور ایف آئی آرز کے فوری اندراج سمیت پولیس ریکارڈز کی درستگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت،انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت بننے والے پراجیکٹس پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی حفاظت کے لیے سخت سیکیورٹی اقدامات اُٹھائیں۔
یہ ہدایات انہوں نے آج سینٹرل پولیس آفس پشاور میں صوبہ بھر کے ریجنل پولیس افسران اور ضلعی پولیس افسران کے ساتھ ویڈیو لنک کانفرنس کرتے ہوئے جاری کیں۔ ایڈیشنل آئی جی پیز آپریشنز، ہیڈ کوارٹرز، انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی، سپیشل برانچ، کمانڈنٹ ایف آر پی، چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور، ڈی آئی جیز سی ٹی ڈی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سپیشل سیکیورٹی یونٹ، آپریشن اور اے آئی جی آپریشنز نے کانفرنس میں شرکت کی جبکہ صوبہ بھر کے ریجنل پولیس آفیسرز اور ضلعی پولیس سربراہان ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں شریک ہوئے۔ ریجنل پولیس آفیسرز نے غیر ملکی پراجیکٹس اور ان پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی محفوظ نقل و حمل اور اپنے اپنے ریجن میں امن و امان کے قیام کے لیے اُٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے صوبے میں جاری غیر ملکی پراجیکٹس کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع میکنزم بنانے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کا باقاعدہ ریکارڈ رکھنے اور انہیں عملی طور پر نافذ کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی میں چین کے کردار کو سراہا اور غیر ملکی پراجیکٹس کے سیکیورٹی آڈٹ کے لیے سپیشل برانچ سے مدد لینے اور وائرلیس کمیونیکیشن سسٹم کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ کانفرنس میں صوبہ میں رونما دہشت گردی اور بھتہ خوری کے واقعات کا تدارک اور روک تھام کا جائزہ لیا گیا اور آئی جی پی نے اضلاع کی سطح پر ایکشن پلان کے تحت شرپسندوں کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی اطلاعات پر باقاعدہ منصوبہ بندی سے کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔اور جرائم کی روک تھام کیلئے سر توڑ کوشش کرنیکا کہا۔ مزید برآں انہوں نے متذکرہ مقدمات میں ہونیوالی پراگریس کا بھی جائزہ لیا ۔
کانفرنس میں پولیس فورس کے جاری منصوبوں پولیس سہولت مراکز، ڈرائیونگ سکولز، سیف سٹی پراجیکٹس اور پولیس تنصیبات اور عمارات کے بارے شرکاءکو ہدایت کی کہ وہ ان منصوبوں پر کام کے معیار اور فنڈز کے منصفانہ استعمال کو یقینی بنائیں۔ اضلاع میں پولیس سہولت مراکز کی سٹیٹ آف دی آرٹ عمارات تعمیر کی جائیں جنکو نئے کمپیوٹرز کے علاوہ بہترین سہولیات سے لیس کیا جائے۔ اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ہر ممکن سہولیات بہم پہنچانے اور آسانی فراہم کرنے کو یقینی بنائیں۔ اسی طرح کانفرنس میں صوبائی ایکشن پلان پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور آئی جی پی نے شرکاءکو ہدایت کی کہ وہ صوبے میں جاری سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنائیں۔ ڈی پی اوز کو پولیس اسٹیشنوں میں قائم رپورٹنگ رومز کو عوام دوست سنٹروں میں تبدیل کرنے اور ایف آئی آرز کا بغیر لیت ولعل کے بروقت اندراج یقینی بنانے اور پولیس ریکارڈز پراگرس کی ڈیجیٹلائزیشن کی بھی ہدایت کی۔
آئی جی پی نے کہا کہ صوبے کے کونے کونے میں امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا پولیس اپنی ڈیوٹی سے غافل نہیں رہے گی اور ہر قیمت پراپنے مقدس فرائض عوام کی توقعات اور پیشہ ورانہ جذبے سے سرشار ہو کر ادا کرے گی۔