چیف آف آرمی اسٹاف (آرمی چیف) جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، نے آج جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقدہ 15ویں
چیف آف آرمی اسٹاف (آرمی چیف) جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، نے آج جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقدہ 15ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات کی۔ یہ ورکشاپ 2016ء سے ہر سال منعقد کی جاتی ہے جس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ارکانِ پارلیمنٹ، بیوروکریسی، سول سوسائٹی، نوجوان، ماہرینِ تعلیم اور میڈیا کے نمائندگان بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔ ورکشاپ میں مختلف سیمینارز، گروپ ڈسکشنز، اور ملک کے مختلف حصوں کے دورے شامل ہوتے ہیں، جس کا مقصد بلوچستان کی آئندہ قیادت کو قومی و صوبائی معاملات سے آگاہ کرنا اور مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی تربیت دینا ہے۔
آرمی چیف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حکومت کی بلوچستان میں سماجی و اقتصادی بہتری کے لیے مسلسل کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جاری اور آئندہ منصوبوں کا دائرہ کار اور وسعت اس حوالے سے پھیلائی جانے والی غلط معلومات کو رد کرنے کے لیے کافی ہے۔ بلوچستان میں کئی ترقیاتی منصوبے پہلے ہی عوام کو فائدہ پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے سول سوسائٹی، خصوصاً نوجوانوں کو آگاہی دینے کے سلسلے میں ان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہی شعور بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے جائے گا۔
جنرل عاصم منیر نے واضح کیا کہ بیرونی پشت پناہی سے ہونے والی دہشتگردی بلوچستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وہ دشمن عناصر جو بلوچستان میں خوف، بدامنی اور عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، اُن کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف بھرپور قومی اتحاد کے ساتھ لڑے گا۔ دہشتگرد گروہ جو بلوچ شناخت کے نام پر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، وہ بلوچ قوم کی غیرت و حب الوطنی پر بدنما داغ ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن کا خواہاں ہے، لیکن اگر پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو چیلنج کیا گیا، تو پاکستان اپنی قومی عزت اور عوام کی سلامتی کے تحفظ کے لیے بھرپور جواب دے گا۔
آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے، قوم کی مکمل حمایت سے، دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
ورکشاپ کا اختتام ایک بھرپور اور بے تکلف سوال و جواب کے سیشن کے ساتھ ہوا۔