حیران کن عدالتی منظرنامہ: مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عدم عملدرآمد، نظرثانی درخواستوں پر نوٹس جاری
حیران کن عدالتی منظرنامہ: مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عدم عملدرآمد، نظرثانی درخواستوں پر نوٹس جاری
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
اسلام آباد:
سپریم کورٹ آف پاکستان کے 12 جولائی 2023 کے تاریخی فیصلے کو آج 6 مئی 2025 تک دس ماہ گزر چکے ہیں، لیکن حیران کن طور پر اس اہم آئینی فیصلے پر اب تک عملاً کوئی واضح اور اعلانیہ عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ اس فیصلے کو نہ صرف نظرانداز کیا گیا بلکہ اس کی توقیر اور حیثیت کو بھی چیلنج کیا گیا، جو اعلیٰ عدلیہ کے وقار اور آئینی بالادستی کے لیے ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔
اس تمام تر صورتحال میں سب سے تشویشناک پہلو یہ ہے کہ سپریم کورٹ کے 13 رکنی فل کورٹ بنچ میں سے صرف تین معزز جج صاحبان نے یہ بنیادی اور آئینی سوال اٹھایا کہ:
“سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کیوں نہیں کیا گیا؟ اور جب فیصلے پر عمل ہی نہیں ہوا تو نظرثانی درخواستیں قابلِ سماعت کیسے ہیں؟”
دوسری جانب باقی 11 ججز نے ان سوالات کو نظرانداز کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی جانب سے عدم عملدرآمد کے باوجود نظرثانی درخواستوں کو سماعت کے لیے مقرر کر لیا اور ان پر 7 مئی بروز منگل صبح ساڑھے گیارہ بجے کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔
یہ پیش رفت آئینی اور قانونی حلقوں میں ایک نئی تشویش کو جنم دے رہی ہے کہ اگر عدالت عظمیٰ کے فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہو اور پھر بھی انہی فیصلوں پر نظرثانی کی راہ کھول دی جائے تو یہ روایت جڑ پکڑ سکتی ہے کہ:
“اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے محض کاغذی کاروائی رہ جائیں، ان پر عملدرآمد ہو یا نہ ہو، کوئی فرق نہیں پڑتا۔”
قانونی ماہرین کے مطابق یہ صورتحال آئینی بالادستی، عدالتی ساکھ اور انصاف کے اصولوں پر کاری ضرب ہے۔ اگر عدالتی احکامات کو نظرانداز کرنے والوں کو تحفظ دیا جاتا رہا، تو یہ رجحان مستقبل میں مزید خطرناک عدالتی بحرانوں کو جنم دے سکتا ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ کیا سپریم کورٹ اپنے ہی فیصلے کے احترام کا تحفظ کر پائے گی؟ یا یہ خاموشی اعلیٰ عدلیہ کے ادارہ جاتی کمزور پڑنے کی علامت سمجھی جائے گی؟