وہاڑی: شوہر کی غیر موجودگی میں خاتون پر انسانیت سوز تشدد، مقدمہ درج، ایک ملزمہ گرفتار
وہاڑی: شوہر کی غیر موجودگی میں خاتون پر انسانیت سوز تشدد، مقدمہ درج، ایک ملزمہ گرفتار
(رپورٹ: محمد حنیف شاہد ارائیں)
سیالکوٹ سے 11 سال قبل گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کرنے والی خاتون زارا کو وہاڑی میں سسرالیوں کی جانب سے انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب زارا کا شوہر روزگار کے سلسلے میں دبئی میں مقیم تھا۔
ذرائع کے مطابق زارا، جو تین بچوں کی ماں ہے، پر اُس کے دیور، جٹھانی، ساس اور نندوں نے پیسے چوری کرنے کا الزام لگایا اور اُسے مبینہ طور پر پانی کے پائپ اور ڈنڈوں سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ خاتون کے مطابق اُس پر جسمانی تشدد کے ساتھ ساتھ ذہنی اذیت بھی ڈھائی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) وہاڑی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون ملزمہ کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا اور کیس کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی تاکہ متاثرہ کو انصاف مل سکے۔
سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تمام ذمہ داران کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔