لاہور میں سفاکیت کی انتہا: باپ نے دو بیٹوں کے ساتھ مل کر 15 سالہ ذہنی معذور بیٹی کو قتل کر دیا
لاہور میں سفاکیت کی انتہا: باپ نے دو بیٹوں کے ساتھ مل کر 15 سالہ ذہنی معذور بیٹی کو قتل کر دیا
لاہور (نمائندہ دُعا آن لائن نیوز) — صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک باپ نے اپنے دو بیٹوں کے ساتھ مل کر اپنی ہی 15 سالہ ذہنی معذور بیٹی کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقتولہ سدرہ پیدائشی طور پر ذہنی معذور تھی اور اکثر گھر سے نکل کر گلی محلوں میں گھومتی رہتی تھی۔ محلے داروں کی جانب سے لڑکی کے کردار پر لگائے جانے والے طعنوں اور طنزیہ رویے نے والد کو اس قدر مشتعل کیا کہ اس نے اپنے دونوں بیٹوں کے ساتھ مل کر سدرہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محلے داروں کی باتیں سن کر غیرت کے نام پر یہ قدم اٹھایا۔ مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب سوشل حلقوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو کڑی سزا دی جائے اور ذہنی معذور افراد کے تحفظ کے لیے مؤثر قانون سازی کی جائے۔