حادثہ ٹوبہ ٹیک سنگھ: پیرمحل کے قریب رکشہ اور ٹریکٹر میں خوفناک تصادم، ایک جاں بحق، تین زخمی
حادثہ
ٹوبہ ٹیک سنگھ: پیرمحل کے قریب رکشہ اور ٹریکٹر میں خوفناک تصادم، ایک جاں بحق، تین زخمی
رپورٹ: محمد حنیف شاہد ارائیں، بیوروچیف، دعا آن لائن نیوز
ٹوبہ ٹیک سنگھ (پیرمحل): تحصیل پیرمحل کے نواحی گاؤں چک نمبر 319 گ۔ب کے قریب آج ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک تیز رفتار رکشہ سامنے سے آتی گندم سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گیا۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ رکشہ ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ رکشے میں سوار تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال پیرمحل منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ تیز رفتاری اور سڑک کی خراب حالت بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ متوفی کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا جائے گا۔
حادثے نے علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا پیدا کر دی ہے، اور شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں کی حالت بہتر بنائی جائے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔