*”پہلگام کے واقعے سے غزہ تک: عالمی توجہ کی جنگ”*
*”پہلگام کے واقعے سے غزہ تک: عالمی توجہ کی جنگ”*
*پہلگام، ایک پرسکون سیاحتی مقام، اچانک خبروں کی زینت بن گیا۔ 22 اپریل کو پیش آنے والے واقعے میں 26 بھارتی سیاح بقول بھارت میڈیا جان کی بازی ہار گئے جن کے بارے کوئی خاطر خواہ ثبوت نہیں دیئے گئے ۔ یہ حملہ چونکا دینے والا تھا، مگر اس سے زیادہ حیرت انگیز وہ ردعمل تھا جو صرف چند منٹوں میں دیکھنے کو ملا۔ حملے کے پانچ منٹ بعد سوشل میڈیا پر پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرا دیا گیا، تیس منٹ کے اندر اندر مخصوص ہیش ٹیگز گردش میں آ گئے، اور سیاسی بیانات کی بوچھاڑ نے یہ ثابت کر دیا کہ یہ واقعہ صرف ایک سیکیورٹی چیلنج نہیں، بلکہ ایک سیاسی منصوبہ بھی تھا۔*
*بھارتی حکومت نے بغیر کسی جامع تحقیق یا عالمی تفتیش کے نہ صرف الزامات عائد کیے، بلکہ سندھ طاس معاہدے جیسے حساس معاملے کو بھی لپیٹنے کی کوشش کی۔ یہ وہ معاہدہ ہے جس نے جنگوں کے دوران بھی دونوں ملکوں کے درمیان پانی کی تقسیم کو برقرار رکھا۔ ماہرین اور آبی ماہرین واضح کر چکے ہیں کہ بھارت، اپنی جغرافیائی اور تکنیکی حدود کے باعث نہ پانی روک سکتا ہے اور نہ ایسی دھمکیاں عملی شکل اختیار کر سکتی ہیں۔ لیکن پھر بھی ایسے اعلانات کیے گئے، جن کا مقصد حقیقت سے زیادہ ردعمل کو قابو میں لانا تھا*۔
*اہم سوال یہ ہے کہ یہ سب کچھ ایسے وقت میں کیوں کیا گیا؟ اور اس کا جواب ایک اور مقام پر ملتا ہے: غزہ میں، جہاں اسرائیلی افواج معصوم فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہی تھیں۔ دنیا کی توجہ فلسطین پر مرکوز تھی، مسلم ممالک احتجاج کر رہے تھے، عالمی ضمیر جاگ رہا تھا۔ ایسے میں اچانک ایک ایسا واقعہ، جس کی بازگشت اسرائیلی پروپیگنڈا ماڈل سے مشابہ ہو، کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔*
*بھارت اور اسرائیل کے درمیان عسکری، سفارتی اور نظریاتی قربت کوئی راز نہیں۔ فالس فلیگ آپریشن، میڈیا پر بیانیے کا کنٹرول، اور مسلمان دشمن جذبات کو ہوا دینا—یہ وہ اوزار ہیں جن سے دونوں ریاستیں فائدہ اٹھاتی ہیں۔ بھارت بھی، اسرائیل کی مانند، اپنے داخلی مسائل کو دبانے، اقلیتوں پر جبر کو چھپانے اور بین الاقوامی بیانیے کو موڑنے کے لیے ایسے واقعات کو بروئے کار لاتا ہے*۔
*افسوسناک پہلو یہ ہے کہ جب بھی فلسطین کی حمایت میں عالمی سطح پر کوئی لہر اٹھتی ہے، تب کسی نہ کسی انداز سے رخ موڑنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ پہلگام اسی تسلسل کی ایک کڑی محسوس ہوتا ہے—ایک واقعہ جو پاکستان کو بدنام کرنے سے زیادہ فلسطین سے توجہ ہٹانے کا ذریعہ بن گیا*
*اب سوال ہم سب کے لیے ہے: کیا ہم ان واقعات کے پیچھے چھپے اصل محرکات کو پہچان پائیں گے؟ کیا ہم شعور کے ساتھ جھوٹ اور سچ کے بیچ فرق کر سکیں گے؟ اگر ہم خاموش رہے، تو آئندہ بھی جھوٹ ہی سچ پر غالب آئے گا، اور فلسطین جیسے مظلوم خطے پسِ پردہ چلے جائیں گے۔*