October 6, 2026

جیکب آباد ( نمائندہ دعاء)مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ مقصود علی

20250423_201331

جیکب آباد ( نمائندہ دعاء)مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ مقصود علی ڈومکی نے جامعۃ المصطفیٰ خاتم النبیین ﷺ میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے پاکستان کے خلاف جنگی عزائم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وطنِ عزیز پاکستان کی سالمیت، عزت اور وقار ہمیں ہر چیز سے بڑھ کر عزیز ہے، اور ہم پاک وطن کے چپے چپے کی حفاظت کریں گے۔

علامہ ڈومکی نے کہا کہ اگرچہ ہمیں موجودہ حکمرانوں اور ان کے سرپرستوں کے جعلی مینڈیٹ اور عوام دشمن پالیسیوں پر سخت اعتراضات ہیں، تاہم ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ اگر دشمن نے پاکستان پر حملے کی غلطی کی، تو پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند متحد ہو کر دشمن کا بھرپور جواب دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم امن، اخوت، اور ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، لیکن ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ بھارت کو کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

دریائے سندھ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے سندھ دریا پر بنائے جانے والے غیر قانونی کینالز کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم پانی اور دریا کے تحفظ کے لیے جاری سندھی عوام کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ پرامن مظاہرین پر تشدد یا طاقت کا استعمال کسی صورت قبول نہیں ہوگا، اور اگر ایسا کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر علامہ صاحب نے ملک کے تمام محب وطن طبقات سے اپیل کی کہ وہ وطنِ عزیز کی بقاء، سالمیت اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے متحد ہو جائیں۔

پریس کانفرنس کے موقع پر حاجی شاہ مراد ڈومکی استاد عبدالفتاح ڈومکی احمد علی ٹالانی مولانا منور حسین سولنگی علامہ سیف علی ڈومکی منصب علی ڈومکی زوار غلام مصطفی ڈومکی مولانا ارشاد علی سولنگی میر حبیب اللہ وزیرانی نثار احمد گورگیج و دیگر عہدے دار ان کے ہمراہ تھے۔