1957 سے قائم گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سکھر خستہ حالی کا شکار، تین ہزار سے زائد طلبہ کا مستقبل داؤ پر
1957 سے قائم گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سکھر خستہ حالی کا شکار، تین ہزار سے زائد طلبہ کا مستقبل داؤ پر
سکھر (بیورو رپورٹ سید نصیر حسین زیدی) شہر کا تاریخی گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج، جو 1957 سے علم کی روشنی پھیلا رہا ہے، آج خود خستہ حالی کا شکار ہے۔ کالج میں تین ہزار سے زائد طلبہ زیرِ تعلیم ہیں، تاہم عمارت کی شکستہ حالت اور تعمیرِ نو کے منصوبے میں غیر معمولی تاخیر کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
پرنسپل شاھد احمد خان اور اساتذہ کے مطابق 2020 اور 2022 میں ہونے والی شدید بارشوں کے دوران کالج کی پہلے سے خستہ حال عمارت کو مزید نقصان پہنچا، جس کے بعد عمارت کی ازسرِنو تعمیر کا کام شروع کیا گیا۔ تاہم تعمیراتی کام سست روی کا شکار ہے اور تاحال مکمل نہیں ہو سکا، جس کے باعث کالج کی عمارت کی بحالی کا معاملہ بدستور التوا میں ہے۔
کالج کے پرنسپل اور اساتذہ کا کہنا ہے کہ عمارت کی موجودہ صورتحال طلبہ اور تدریسی عملے کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ تین ہزار سے زائد طلبہ کے مستقبل سے وابستہ اس اہم تعلیمی ادارے میں عمارت کی بحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
تعلیمی حلقوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کالج کی خستہ حالی اور تعمیراتی کام میں تاخیر کا فوری نوٹس لیا جائے، تعمیرِ نو کے منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے اور طلبہ کو محفوظ، بہتر اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔