سکھر (بیورو چیف دعا آن لائن نیوز سیدضیاءالرحمٰن ) انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن یونیورسٹی ٹیسٹ کے بعد بھرتی ہونے والے 17ہزار سے زائد اساتذہ کا انکریمنٹ ختم، اساتذہ انکریمنٹ کی بحالی کے لئے دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور، ایجنٹ بھی سرگرم، فی کس ایک ہزار روپے وصولی کا انکشاف، پی ایس ٹی سے جی ای ایس ٹی میں جانے کے بعد انکریمنٹ 2600 روپے کم کردیا گیا، بیورو کریسی سب سے زیادہ رکاوٹ پیدا کررہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سکھر، خیرپور، گھوٹکی، شکارپور، لاڑکانہ، جیکب آباد، نواب شاہ، قمبر، شہداد کوٹ ،میرپور خاص سمیت سندھ بھر میں بطور اساتذہ فرائض ادا کرنے والے ٹیچرز حکومت سندھ کی مبینہ نااہلی اور بیورو کریسی کی پالیسیوں کے سبب شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں، محکمۂ تعلیم کی مجرمانہ غفلت و لا پروائی کے انتہائی منفی اثرات اساتذہ پر مرتب ہورہے ہیں۔ مئی 2022 میں انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) یونیورسٹی کے ذریعے امتحان دےکر بھرتی ہونے والے پرائمری اسکول ٹیچر (پی ایس ٹی) جنہوں نے جونیئر ایلیمنٹری اسکول ٹیچر کا بھی امتحان پاس کیا تھا انہیں ابتدا میں سکھر، نیا سکھر، روہڑی، پنوعاقل، صالح پٹ میں تعینات کیا گیا، ضلع سکھر میں 700 سے زائد مرد و خواتین جی ای ایس ٹی اساتذہ نے فرائض انجام دیے ،تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے مذکورہ اساتذہ کا پی ایس ٹی کا ایک انکریمنٹ تقریباً 2600 روپے ختم کردیا گیا ہے جس کے باعث اساتذہ کو شدید مشکلات و پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے،اساتذہ کی بڑی تعداد انکریمنٹ کی بحالی کے لیے گزشتہ 22 ماہ سے کبھی محکمہ تعلیم تو کبھی خزانہ آفس کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں، جبکہ محکمۂ تعلیم میں بعض ایجنٹ انکریمنٹ بحال کرانے سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے متحرک اور ایک ہزار روپے فی کس وصولی کرنے میں مصروف ہیں، وزارت خزانہ اور سکھر میں موجود ذرائع نے بتایا کہ سندھ بھر میں 2022میں بھرتی ہونے والے کم و بیش 17 ہزار پی ایس ٹی جو جونیئر ایلیمنٹری اسکول ٹیچر پر بحال ہوئے تھے ان تمام ملازمین کا انکریمنٹ محکمۂ تعلیم اور خزانہ کی بعض بیورو کریسی کی سستی کے باعث التواء کا شکار ہے، ابتدا میں مذکورہ اساتذہ پی ایس ٹی بعدازاں جے ای ایس ٹی پر اپ گریڈ ہوئے، انکریمنٹ انکا حق ہے، اس کے برعکس پی ایس ٹی کا انکریمنٹ تنخواہ سے کم کردیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ان کی تنخواہ میں 2600 روپے تک کا فرق پیدا ہوا ہے جو کہ مجموعی طور پر 50 ہزار روپے سے زائد رقم بنتی ہے،تمام فائلیں مکمل ہیں، صرف محکمۂ تعلیم اور خزانہ کے اعلی افسران نے دستخط کرنا ہے، سکھر سمیت سندھ بھر کے 17 ہزار سے زائد اساتذہ کا دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا مگر حکومت و بیورو کریسی اس ضمن میں کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔ متاثرہ اساتذہ نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر تعلیم، سیکریٹری تعلیم ودیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ نوٹس لےکر انکریمنٹ بحال کیا جائے تاکہ ہماری معاشی مشکلات میں کمی واقع ہوسکے
سکھر(بیورو چیف دعاآن لائن نیوز سیدضیاءالرحمٰن )
شہر اور گرد و نواح میں تیز ہوائیں مٹی کا طوفان، آسمان پر سیاہ بادل امنڈ آئے، بارش کا امکان، بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم
تفصیلات کے مطابق سکھر اور دیگر اضلاع میں تیز ہواوں اور مٹی کے طوفان کے باعث متعدد بجلی فیڈر ٹرپ اور کرگئے اور بجلی کا نظام معطل ہونے کے باعث درجنوں شہری و دیہی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، گرد آلود تیز ہواؤں کی وجہ سے قومی شاہراہ اور انڈس ہائی وے پر حد نگاہ کم ہوگئی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ تیز ہواؤں کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کے تاروں، سائن بورڈ ٹوٹ کر گرگئے، طوفان کے بعد آسمان پر سیاہ بادل چھائے رہے جبکہ وقفے وقفے سے چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوش گوار ہوگیا آخری سطور لکھے جانے تک شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کا نظام معطل اور علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے جس کی وجہ سے شہر سکھر سمیت گردونواح میں جہاں گھریلو سرگرمیاں متاثر رہیں وہیں کاروبار بھی ٹھپ رہا
سکھر(بیورو چیف دعا آن لائن نیوز سیدضیاءالرحمٰن)تھانہ نیو پنڈ پولیس کی دو الگ الگ کارروائیاں ، غیر قانونی پیٹرول یونٹ اور ایل پی جی گیس دکان پر چھاپا ، دو ملزمان گرفتار ، مقدمات درج ، تفصیلات کے مطابق سکھر کے تھانہ نیو پنڈ کی حدود نزد اعوان چوک نیو پنڈ پر تھانہ نیو پنڈ پولیس نے بغیر پرمٹ اور غیر قانونی پیٹرول کے یونٹ چلانے والے پر چھاپا مارکر دو ملزمان غلام حسین گڈانی اور محمد یونس انڑ کو گرفتار کر کے پیٹرول یونٹ بند کروا دیا اور مقدمہ نمبر 73 درج کر لیا گیا،جبکہ دوسری کارروائی تھانہ نیو پنڈ کی حدود نزد ایم ٹی ورکشاپ روڈ پر تھانہ نیو پنڈ پولیس نے بغیر پرمٹ اور غیر قانونی ایل پی جی گیس سلینڈر گیس چلانے والی دوکان پر چھاپا مارکر ایک ملزم طاہر حسین کلوڑ کو گرفتار کر کے قبضے سے پانچ عدد گیس سلنڈر برآمد کرکے ان کے خلاف مقدمہ نمبر 74 درج کر لیا گیا