November 16, 2026

ایم کیو ایم پاکستان سکھر میں اپنی سیاسی حیثیت دوبارہ حاصل کرے گی: علی خورشیدی

20250413_192931

ایم کیو ایم پاکستان سکھر میں اپنی سیاسی حیثیت دوبارہ حاصل کرے گی: علی خورشیدی

سکھر (بیورو چیف دعاآن۔لائن نیوز سیدضیاءالرحمٰن )متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے سکھر پریس کلب میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان سکھر سمیت پورے سندھ میں اپنی سیاسی حیثیت کو ازسرنو بحال کرنے کے لیے متحرک ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم سکھر دوبارہ فعال کر رہے ہیں، جس کو جتنا پیٹ میں درد ہو ہونے دو۔پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم کے دیگر قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان بھی موجود تھے۔ خورشیدی نے کہا کہ آج ایک مضبوط اور متحرک ایم کیو ایم پاکستان عوامی مسائل کے حل کے لیے میدان میں کھڑی ہے۔اپنے خطاب میں علی خورشیدی نے سکھر کینال کے منصوبے کو سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا اثر صوبے کے ہر شہری پر پڑے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی اس مسئلے پر دوغلا رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔ “سندھ کے پانی پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے اور ایک ایک قطرے پر سمجھوتا ناممکن ہے،” انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا۔اپوزیشن لیڈر نے انکشاف کیا کہ 8 جولائی 2024 کو صدر پاکستان کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا، جس میں چھ نئی کینالز کی منظوری دی گئی۔ “آج بھی صدر کی ویب سائٹ پر اس اجلاس کا ریکارڈ موجود ہے، جس کی میں نے پرنٹ کاپی نکالی ہے۔ اگر پیپلز پارٹی سچ بول رہی ہے تو اس اجلاس کے منٹس پر جوابی پریس ریلیز کیوں جاری نہیں کی جاتی۔ علی خورشیدی نے سندھ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں ایکڑ اراضی الاٹ کی گئی ہے، جسے فوری طور پر منسوخ کیا جانا چاہیے۔ “کاغذات میں اپروولز چل رہی ہیں اور سڑکوں پر ‘نا کھپے’ کے نعرے لگائے جا رہے ہیں، اس دوہرے رویے سے بات نہیں بنے گی،علی خورشیدی کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام آج بھی صحت، تعلیم اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ “25 ہزار ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، مگر شہر آج بھی کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں،” انہوں نے افسوس کا اظہار کیا۔پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کراچی تا کشمور بدامنی پر بھی اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ “امن و امان کی صورتحال روز بہ روز بگڑتی جا رہی ہے، اور اس پر فوری توجہ نہ دی گئی تو حالات مزید خراب ہوں گے۔علی خورشیدی نے آخر میں واضح کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان نہ صرف شہری حقوق کی بحالی کے لیے بلکہ سندھ کے وسائل کے تحفظ کے لیے بھی ہر محاذ پر جدوجہد جاری رکھے گی۔ “سندھ کے ایک قطرہ پانی پر بھی سمجھوتا نہیں کریں گے،” انہوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا۔