November 16, 2026

*نماز کی فرضیت* جمعہ 11 اپریل 2025 انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

20250328_052001

*نماز کی فرضیت*

جمعہ 11 اپریل 2025
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

مسئله نمبر 6

*نماز اسلام کا دوسرا اہم رکن ہے۔*

حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر رکھی گئی ہے ۔ اس بات کی شہادت کہ اللہ کے سوا کوئی الہ نہیں اور محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم اللہ کے رسول ہیں) نماز قائم کرنا زکاۃ ادا کرنا حج کرنا اور رمضان کے روزے رکھنا ۔ اسے بخاری نے روایت کیا ہے۔

مسئلہ نمبر 06
*ہجرت سے قبل دو، دو رکعت اور ہجرت کے بعد چار، چار رکعت نماز فرض ہوئی*

حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا فرماتی ہیں جب (معراج کی رات ) اللہ تعالی نے نماز فرض کی تو حضر و سفر دونوں کے لئے دو، دو رکعات نماز فرض کی (بعد میں) سفر کی نماز (دو رکعت) برقرار رکھی گئی اور حضر کی نماز میں اضافہ کر دیا گیا ۔ اسے بخاری اور مسلم نے روایت کیا ہے۔

*نیت کے مسائل*

مسئلہ نمبر 07

*اعمال کے اجر و ثواب کا دارومدار نیت پر ہے*

حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے “اعمال کا دارومدار نیت پر ہے۔ ہر شخص کو وہی ملے گا جس کی اس نے نیت کی ۔لہذا جس نے دنیا حاصل کرنے کی نیت سے ہجرت کی اسے دنیا ہی ملے گی یا جس نے کسی عورت سے نکاح کرنے کی غرض سے ہجرت کی اسے عورت ہی ملے گی پس مہاجر کی ہجرت کا صلہ وہی ہے جس کے لیے اس نے ہجرت کی ۔”(اسے بخاری نے روایت کیا ہے۔)

مسئلہ نمبر 08
*فتنہ دجال سے بڑا فتنہ دکھاوے کی نماز ہے*

حضرت ابو سعید رضی اللہ عنہ کہتے ہیں ہم مسیح دجال کا ذکر کر رہے تھے اتنے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تشریف لائے اور فرمایا “کیا میں تمہیں دجال کے فتنے سے زیادہ خطرناک بات سے آگاہ نہ کروں؟” ہم نے عرض کیا “ضرور یا رسول اللہ!
آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا” شرک خفی دجال سے بھی زیادہ خطرناک ہے اور وہ یہ ہے کہ ایک آدمی نماز کے لیے کھڑا ہو اور نماز کو اس لیے لمبا کرے کہ کوئی آدمی اسے دیکھ رہا ہے۔ ( اسے ابن ماجہ نے روایت کیا)

مسئلہ نمبر 09
*دکھاوے کی نماز شرک ہے*

حضرت شداد بن اوس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے۔” جس نے دکھاوے کی نماز پڑھی اس نے شرک کیا۔ جس نے دکھاوے کا روزہ رکھا اس نے شرک کیا۔ جس نے دکھاوے کا صدقہ کیا اس نے شرک کیا۔” (اسے احمد نے روایت کیا ہے۔)

*گھر سے وضو کرکے مسجد آنے کا اجر*

مسئلہ نمبر 10
*گھر سے وضو کر کے فرض نماز ادا کرنے کے ارادہ سے مسجد میں آنے والے کو حج کے برابا ثواب ملتا ہے*

حضرت ابو امامہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا..
جو شخص گھر سے وضو کر کے فرض نماز ادا کرنے کےلئے مسجد میں آۓ اس کے لئے حج کا احرام باندھنے والے آدمی کے برابر ثواب ہے اور ایک نماز کے بعد دوسری نماز ادا کرنا جن کے درمیان کوئی لغو اور بیہودہ بات نہ کی گئی ہو ایسا عمل ہے جو علیین میں لکھا جاتا ہے۔(رواہ ابوداؤد)

*الدعاء*
یا اللہ تعالی ہمیں نماز با جماعت ادا کرنے والا بنا دے۔
آمین یا رب العالمین

Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333