سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی نعمان
سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پانی کے بڑھتے ہوئے بحران پر بھرپور آواز اٹھائی اور کہا کہ پانی کی قلت اب ایک قومی مسئلہ بن چکا ہے، جو خاص طور پر سندھ کو شدید متاثر کر رہا ہے۔ انہوں نے ایوان کو آگاہ کیا کہ نہری نظام کی بگڑتی ہوئی صورتحال نے سندھ کے کسانوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، تاہم حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جا رہا۔
نعمان اسلام شیخ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر واٹر ڈسٹریبیوشن سے متعلق اداروں کی میٹنگز طلب کرے اور ایک شفاف، منصفانہ اور مؤثر نظام تشکیل دے تاکہ سندھ کے عوام کو ان کا جائز حق مل سکے۔
انہوں نے سکھر بیراج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کی زرعی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، جہاں پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ کھیت سوکھ رہے ہیں، کسان بے یار و مددگار ہیں، اور حکومتی سطح پر نہ کوئی ہنگامی اجلاس بلایا جا رہا ہے اور نہ ہی کوئی فوری حکمتِ عملی اپنائی جا رہی ہے۔
نعمان اسلام شیخ نے سوال اٹھایا کہ اگر حکومت پانی کے مسئلے کو سنجیدہ سمجھتی ہے تو پھر آج تک CCI یا دیگر متعلقہ اداروں کی میٹنگ کیوں نہیں بلائی گئی؟ انہوں نے کہا کہ صرف دعووں اور وعدوں سے کام نہیں چلے گا، اب عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں اس تاریخی لمحے کا بھی حوالہ دیا جب محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی شہادت کے بعد ملک میں بحران کی کیفیت تھی، لیکن صدر آصف علی زرداری صاحب نے بصیرت اور تدبر سے ملک کو متحد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی سندھ کے عوام کو وفاق کی توجہ کی ضرورت ہے، اور ہم خیرات نہیں، بلکہ اپنے آئینی، جمہوری اور انسانی حقوق مانگ رہے ہیں۔
نعمان اسلام شیخ نے حکومت کی طرف سے اجلاس میں صرف 2 منٹ کے مختصر وقت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ہمارے ساتھ واضح ناانصافی ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام تنہا نہیں ہیں، ان کے ساتھ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صورت میں ایک بہادر اور عوام دوست قیادت موجود ہے۔ ہم ان کی قیادت میں عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے، اور انشاء اللہ، نہ پیچھے ہٹیں گے، نہ خاموش رہیں گے