یوکراین کے صدر ولودومیر زیلینسکی کے ساتھ جو سلوک امریکی صدارتی دفتر اوول آفس میں ہوا۔ وہ کوئی زیادہ انوکھی بات نہیں ہے۔ اپنے
یوکراین کے صدر ولودومیر زیلینسکی کے ساتھ جو سلوک امریکی صدارتی دفتر اوول آفس میں ہوا۔ وہ کوئی زیادہ انوکھی بات نہیں ہے۔ اپنے کمزور اتحادیوں پر اس طرح سے دھونس جمانا (bullying) امریکہ کا وطیرہ ہے۔ (زیلنسکی سے ہونے والے واحد انوکھا پہلو براہ راست نشر کرنا ہے۔ جس پر آگلی پوسٹ میں بات کریں گے)۔
خصوصا پاکستان کے حکمرانوں کو اس کا طویل تجربہ ہے۔ آن ریکارڈ پہلی بار فوجی ڈیکٹیٹر ایوب خان پر اُس وقت کے امریکی صدر جان ایف کینیڈی نے اس طرح کی دھونس جمائی تھی۔ جس کی تفصیل سی آئی اے کی جانب سے چار امریکی صدور کے مشیر رہنے والے “بروس ریڈل” نے اپنی کتاب ’JFK’s Forgotten Crisis‘ میں لکھی ہے۔
واقعہ یہ تھا کہ 1962 میں بھارت چین جنگ میں بھارتی افواج بُرے طریقے سے پٹ رہی تھی۔ چین نے پاکستان کو اس موقعہ پر جموں و کشمیر پر اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
پاکستان اُس وقت امریکہ کا اتحادی، سیٹو اور سینٹو کا ممبر تھا۔ جبکہ بھارت سویت بلاک کے قریب تھا۔ لیکن امریکہ کا ایشو اور تھا۔ اُس وقت تک امریکہ تائیوان میں قائم “ریپبلک آف چائینہ” حکومت کو چین کی نمائندہ حکومت قرار دیتا تھا۔ جبکہ بیجنگ میں قائم “پیپلز ریبلک آف چائنہ” کو تسلیم نہیں کرتا تھا۔
بھارت سویت بلاک میں ہونے کے باوجود چین کے خلاف امریکہ سے تعاون کر رہا تھا۔ سی آئی اے نے 1959ء می بھارت کے تعاون سے ہی “تبت” کے سربراہ اور بدھ مت کے پیروکاروں کے روحانی پیشوا “چودھویں دلائی لاما تنزن گیاتسو” کو تبت کے دارلحکومت “لہاسا” سے فرار کرایا تھا۔ دلائی لاما کو بھارت میں سیاسی پناہ دلائی تھی، اور بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے شہر “دھرم شالہ” میں “تبت” کی جلا وطن حکومت بھی قائم کی تھی۔ اور یہی چین بھارت جنگ کی ایک بڑی وجہ بھی بنی تھی۔
اُس وقت بھارت میں امریکہ کے سفیر “جان کینتھ گیلبریتھ” کو بھارتی وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے معتمد خاص کی حیثیت حاصل تھی۔ یہی صاحب بھارتی ریاست کو امریکی مفادات کے لیے استعمال کر رہے تھے۔ اس نے واشنگٹن کے اسٹیٹ آفس بھجوائی گئیں اپنی رپورٹ میں لکھا تھا۔ اگر پاکستان نے بھارت پر حملہ کر دیا تو دو سے پانچ دن میں پوری ریاست جموں کشمیر پر قبضہ کر لے گا۔ چین اور پاکستان کو روکنا انتہائی ضروری ہے۔ اس کے لیے “نہرو” براہ راست امریکی صدر سے مدد کی اپیل کرنے کو تیار ہے۔
اس کے بعد “پنڈٹ نہرو” نے امریکی صدر کو دو خطوط لکھ کر فوجی مدد کی اپیل کی۔ پہلے خط میں لکھا، نہرو نے لکھا: ‘چینیوں نے نیفا کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کر لیا ہے اور وہ کشمیر کے لداخ میں چوشال پر بھی قبضہ کرنے والے ہیں۔ انڈیا کو چینی حملے سے نمٹنے کے لیے نقل و حمل اور جنگی طیاروں کی ضرورت ہے۔’
دوسرے خط میں لکھا: ‘آپ کو پہلا پیغام بھیجنے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی نیفا میں صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے۔ پوری برہمپتر وادی کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔ اگر فوری طور پر کچھ نہیں کیا گیا تو پورا آسام، تریپورہ، منی پور اور ناگا لینڈ چین کے ہاتھوں میں چلا جائے گا۔ ہمیں کم سے کم جنگی طیاروں کے 12 سکواڈرن چاہییں۔ ابتدا میں، جب تک ہمارے پائلٹ ان کو چلانے کی تربیت نہیں لے لیتے اس وقت تک امریکی پائلٹوں کو انھیں چلانا ہوگا۔ امریکی پائلٹوں کا استعمال انڈین شہروں اور اڈوں کی حفاظت کے لیے کیا جائے گا۔ لیکن تبت کے اندر فضائی حملے صرف انڈین فضائیہ ہی کرے گی۔ اس کے لیے ہمیں بی 47 بمبار کے دو سکواڈرن کی ضرورت ہوگی۔’
اُس وقت بھارت میں امریکہ کے سفیر “گیلبریتھ” نے 20 نومبر سنہ 1962 کے دن کی اپنی ڈائری کے صفحے پر لکھا: ‘آج کا دن دہلی میں سب سے زیادہ خوف کا دن تھا۔ میں نے پہلی بار لوگوں کا حوصلہ ٹوٹتے ہوئے دیکھا۔ میں نے وائٹ ہاؤس کو لکھا کہ فوری طور پر جنگی سامان کے 12 سی -130 طیارے بھیجیے جائیں۔ نیز ساتویں بیڑے کو خلیج بنگال کی طرف روانہ کر دیں۔’
صدر کینڈی نے میرا مشورہ قبول کرلیا اور ہونولولو میں پیسیفک فلیٹ کے ہیڈکوارٹر سے کہا کہ فوری طور پر ساتواں بیڑا بھیجا جائے۔ حکم ملنے پر یو ایس ایس کیٹی ہاک کو خلیج بنگال روانہ کر دیا گیا۔
اس موقعہ پر امریکی صدر کینیڈی نے خود ٹیلیفون پر جنرل ایوب پر سخت دباو ڈالا۔ کہا گیا کہ اگر اُس نے بھارت پر حملہ کیا ہے تو اسے بھی چین کی طرح ہی حملہ آور ملک قرار دیا جائے گا۔ اور امریکہ چین کے خلاف ایک براہ راست فوجی کاروائی کی تیاری کر رہا ہے، جس میں پاکستان کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے۔
“بروس ریڈل” کے بقول اس موقعہ پر فوجی ڈیکٹیٹر ایوب خان نے بھارت کو امریکی اسلحے کی فراہمی پر بات کرنا چاہی، جسے صدر کینڈی نے درمیان میں ہی ٹوک دیا، اور کہا کہ امریکہ چین بھارت جنگ کو ایک کمیونسٹ طاقت کی طرف سے ایک جمہوری ملک پر حملے کے طور پر دیکھ رہا تھا۔ اس لیے 1961 میں ہوئے اس معاہدے کی کوئی اہمیت نہیں جس میں طے پایا تھا کہ “امریکہ بھارت کو پاکستان کی منظوری کے بغیر فوجی امداد نہیں دے گا۔”
ایوب خان کی جانب سے بار بار اپیل پر صدر کینڈی نے صرف اتنا کہا تھا کہ “وہ جنگ کے خاتمے پر کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے بھارت پر زور ڈالیں گے”
لیکن جنگ کے اختتام پر جب ایوب خان نے کشمیر کے حوالے سے صدر کینڈی سے بات کی تو اُنہیں جواب ملا کہ “چین سے بدترین شکست کے بعد نہرو بالکل ٹوٹ چکے ہیں اور مقامی سیاست میں ان کی ساکھ اس وقت ایسی نہیں ہے کہ وہ کشمیر جیسے معاملے پر کوئی اہم فیصلہ کر سکیں”۔
ایوب خان نے امریکہ کے اس رویے سے بدظن ہو کر چین اور روس کا دورہ کیا۔ امریکہ کو یہ دورہ کتنا برا لگا، اس بارے میں “الطاف گوہر” لکھتے ہیں کہ ‘امریکہ نے روسی قیادت کے ساتھ ایوب کی ملاقاتوں پر اپنا ردعمل ظاہر کرنے کے لیے ان کی وطن واپسی کا انتظار بھی نہ کیا اور انھیں ماسکو ہی میں یہ اطلاع دے دی گئی کہ ان کا واشنگٹن کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔’
اسی جھنجلاہٹ میں فوجی آمر نے مقبوضہ کشمیر میں “آپریشن جبرالٹر اور گرینڈ سلام” شروع کیے۔ جن کے فوری بعد بھارت بین الاقوامی سرحد پار کر کے پاکستان پر حملہ کر دیا۔ اس موقعہ پر نہ صرف امریکہ نے اپنے اتحادی پاکستان کو عسکری معاہدوں کے مطابق امداد دینے سے انکار کر دیا۔ بلکہ بھارت کو چین کے خلاف مہیا کیے جانےے والے فوجی ساز و سامان اور اسلحے کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے پر بھی اعتراض نہیں کیا۔
(بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان کے خلاف امریکی اسلحے کے استعمال کی اجازت کے بعد ہی بھارت نے یہ حملہ کیا تھا۔ جس کا قبل از وقت امریکہ کو علم تھا)
اس کی تصدیق جنرل ایوب خان کے سیکریٹری اور معروف بیورو کریٹ “قدرت اللہ شہاب” کے بیان کردہ واقعے سے بھی تصدیق ہوتی ہے۔ لکھتے ہیں کہ “بھارتی حملے کے ساتھ ہی امریکی سفیر ایوان صدر آ گیا اور ایوب خان سے طنزیہ کہا جناب صدر! ہندوستان نے آپ کو گلے سے دبوچ لیا ہے۔”دفاعی ماہرین متفق ہیں کہ اگر 1965 کی جنگ میں بھارت امریکی اسلحہ نہ استعمال کرتا اور پاکستان ائیر فورس کے زیر استعمال امریکی جہازوں کے سپئیرپارٹس کی فراہمی معطل نہ ہوتی تو جنگ کا نتجیہ بڑی حد تک پاکستان کے حق میں ہوتا۔ایوب خان نے آخری کوشش کے طور پر دسمبر 1965 میں امریکہ کا دورہ کیا اُن کا خیال تھا کہ بھارت میں نہرو اور لال بہادر شاستری کی موت کے بعد نئی قیادت آ چکی ہے۔ اب امریکہ سے مسئلے کشمیر کے حل کے لیے بات کی جا سکتی ہے۔ لیکن وہاں سے ٹکا سا جواب ملنے بعد اُن کے سارے خواب چکنا چور ہو گئے۔ اور اُن کا زوال شروع ہو گیا۔ زیلنسکی جیسی صورتحال 1999 میں اُس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ بھی پیش آئی تھی۔ جب اُس پر امریکہ نے کہا تھا کہ کرگل میں جنگ بندی صرف اس صورت میں ہو گی۔ “اگر پاکستان مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے کنٹرول کو تسلیم کر لے۔ لائن آف کنٹرول پر بھارت کو باڑ لگانے میں سہولت فراہم کرے۔ اس باڑ کو تحفظ بھی فراہم کرے۔آزاد کشمیر میں حریت پسندوں کے تمام انفراسٹکچر کو ختم کر دے اور مقبوضہ کشمیر پر حریت پسندوں کے حملوں کو روکنے کی ذمہ داری بھی اٹھائے۔”پھر پیر 22 جولائی 2019 کو واشنگٹن ڈی سی میں ہی انہی ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے بالکل ایسی ہی صورتحال کا سامنا اُس وقت کے وزیر اعظم عمران خان کو بھی پیش آئی تھی۔ جب اُنہیں بتایا گیا تھا کہ “نریندر مودی” مقبوضہ ریاست جموں کشمیر کے اپنے زیر قبضہ حصے کو بھارت میں ضم کرنے جا رہا ہے۔ پاکستان نے اس میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالنی ہے۔ نہ کوئی ایسا اقدام ہرگز نہیں ہونا چاہیے جس کے زیر اثر مقبوضہ کشمیر لوگ بھڑک کر بھارت کے خلاف سول نافرمانی شروع کر دیں۔جموں و کشمیر کے بھارت میں انضام کے اس پورے عمل کو مکمل کرنے میں ‘مودی’ کے ساتھ غیر اعلانیہ تعاون ہونا چاہیے۔
دلچسب بات یہ ہے کہ زیلنسکی ایک اداکار ہے، جس نے ایک ڈرامے میں صدر کے کردار سے مقبولیت حاصل کی۔ اور پھر صدر بن گیا۔۔لیکن ڈرامے بازی میں ہمارے حکمرانوں کے مقابلے میں یہ کچھ بھی نہیں ہے۔