بہاول نگر() ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت آج ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں ریونیو خدمت کچہری کا انعقاد کیا گیا
بہاول نگر() ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت آج ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں ریونیو خدمت کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، افتاب حسین اسسٹنٹ کمشنر بہاول نگر نعمان احمد سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ریونیو خدمت کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل ڈپٹی کمشنر کے سامنے پیش کیے۔ عوامی شکایات میں زمینوں کے انتقال، فرد کے اجراء، سرکاری واجبات، غیر قانونی قبضے، ریونیو ریکارڈ کی درستی اور دیگر معاملات شامل تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر موقع پر مسائل حل کریں اور جو کیسز پیچیدہ نوعیت کے ہیں، ان کے حل کے لیے مقررہ مدت میں کارروائی مکمل کی جائے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت ازالہ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے ریونیو خدمت کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کو موقع پر ہی حل کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی سرکاری ادارے میں سائلین کے ساتھ ناانصافی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور ریونیو معاملات میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
اوپن کچہری میں متعدد شہریوں کے مسائل موقع پر ہی حل کیے گئے، جبکہ بعض درخواستوں پر فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے۔ شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے اقدامات مستقل بنیادوں پر جاری رہیں گے تاکہ عام آدمی کو درپیش مسائل کا فوری حل ممکن ہو سکے۔