107

سکھر( بیورو چیف دعاآن۔لائن نیوز سیدضیاءالرحمٰن) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سکھر امین بشیر قریشی نے کہا ہے کہ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر کمپیوٹرائزڈ الیکشن سرٹیفکیٹ مفت جاری کیے جا رہے ہیں ، جس کی کوئی فیس نہیں ہے، شہری درخواست بمعہ 10 روپے کا اسٹیمپ پیپر جمع

سکھر( بیورو چیف دعاآن۔لائن نیوز سیدضیاءالرحمٰن)
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سکھر امین بشیر قریشی نے کہا ہے کہ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر کمپیوٹرائزڈ الیکشن سرٹیفکیٹ مفت جاری کیے جا رہے ہیں ، جس کی کوئی فیس نہیں ہے، شہری درخواست بمعہ 10 روپے کا اسٹیمپ پیپر جمع کرا کے با آسانی الیکشن سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کے لیے آئے ہوئے ڈویژنل ڈائریکٹر انفارمیشن سکھر فدا حسین بالادی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عام شہریوں کی سہولت اور معلومات کے لیے الیکشن کمیشن نے اپنے انفراسٹرکچر میں نمایاں تبدیلیاں کی ہیں جبکہ ووٹر لسٹوں کو بھی ڈجیٹل نظام کے تحت لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن کا ڈیٹا جی پی ایس (GPS) کے تحت تشکیل دیا گیا ہے۔ امین قریشی نے مزید کہا کہ ووٹر لسٹوں میں درستی کے لیے شہری کسی بھی وقت ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سے رابطہ کر کے اپنے رہائشی علاقے کے مطابق درستی کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹوں میں اندراج کی اہمیت سے متعلق شہریوں میں شعور و آگہی پیدا کرنے کے لیے سکھر میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے وقتاً فوقتاً آگہی سیمینار منعقد کیے گئے ہیں جبکہ اس نوعیت کا ایک اور سیمینار محرم الحرام کے بعد منعقد کرنے کے لیے تیاریاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹوں میں اندراج کی اہمیت کے سلسلے میں عام شہریوں میں بیداری کے لیے میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔ امین بشیر قریشی نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ اپنا موثر کردار ادا کریں تا کہ نوجوانوں پر مشتمل آبادی کے بڑے حصے کو ووٹر لسٹوں میں اندراج اور ووٹ کی اہمیت سے متعلق آگہی دی جا سکے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر انفارمیشن سکھر فدا حسین بالادی اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر امین بشیر قریشی نے مل کر کام کرنے اور صحافیوں سے رابطے مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں