October 1, 2026

ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کی زیر صدارت اہم اجلاس، وزیراعلیٰ پنجاب کے گورننس اقدامات پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت

20250225_200152

ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کی زیر صدارت اہم اجلاس، وزیراعلیٰ پنجاب کے گورننس اقدامات پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت

بہاولنگر (26 فروری 2025) – ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت چیف منسٹر کے پرفارمنس انڈیکیٹرز (KPls)، سستا رمضان بازار، ریونیو کے پی آئیز، پرائس کنٹرول اور ستھرا پنجاب سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گورننس بہتری کے اقدامات (انیشی ایٹوز) پر تمام محکمے تیزی سے عملدرآمد جاری رکھیں اور اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔ حکومت پنجاب نے ضلعی سطح پر مختلف شعبوں کی جانچ کے لیے بنیادی کارکردگی اعشاریے مقرر کیے ہیں، جن میں روٹی کی قیمت پر عملدرآمد، ستھرا پنجاب پروگرام، ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ، میرج ایکٹ، پرائس کنٹرول، ہسپتالوں اور مراکز صحت کی نگرانی، تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی، مین ہولز کے ڈھکن لگانے، آوارہ کتوں کی تلفی، پلاسٹک بیگز پر پابندی، تجاوزات کے خاتمے اور وال چاکنگ جیسے اقدامات شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ تمام محکمے ان انڈیکیٹرز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے انسپکشنز میں اضافہ کریں اور یونین کونسل سطح پر سرگرمیوں کو مزید تیز کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ گورننس اقدامات میں کسی قسم کی غفلت، سستی یا ناقص کارکردگی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں تمام سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کریں اور متعلقہ محکموں کے افسران روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس جمع کروائیں تاکہ ضلع بہاولنگر کو پنجاب بھر میں نمایاں رینکنگ میں شامل کیا جا سکے۔ اجلاس میں ماڈل ویلجز پر خصوصی توجہ دینے اور ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان اصلاحاتی اقدامات میں تعاون کریں تاکہ بہاولنگر کو ایک مثالی ضلع بنایا جا سکے۔