بہاولنگر ( ) ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت امن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، اجلاس میں رمضان المبارک کے
بہاولنگر ( )
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت امن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطاری کے اوقات میں بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) حافظ کامران اصغر، اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر نمان احمد، امن کمیٹی کے ممبران، کمیونٹی نمائندگان اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سحری اور افطاری کے وقت بجلی اور گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ڈی پی او حافظ کامران اصغر نے اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے تحفظ کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مساجد، امام بارگاہوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر سیکیورٹی سخت کر دی جائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
اجلاس میں بین المذاہب ہم آہنگی، امن و امان، اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں اور دستیابی کے امور پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور عوام کو معیاری اشیاء مقررہ نرخوں پر فراہم کی جائیں۔