*کوئٹہ-کراچی شاہراہ کی بار بار بندش عوام کی مشکلات اور حکومتی بے حسی نہایت ہی افسوس کا مقام ہے*
*کوئٹہ-کراچی شاہراہ کی بار بار بندش عوام کی مشکلات اور حکومتی بے حسی نہایت ہی افسوس کا مقام ہے*
*ذرا جرآت کے ساتھ*
*تحریر: میر اسلم رند*
دوستوں! آئندہ کوئٹہ سے کراچی یا کوئٹہ سے پنجاب جاتے ہوئے کچھ ضروری تدابیر اختیار کریں تاکہ راستے میں تکلیف نہ ہو۔ ایک عدد سلنڈر، 5 دن کے لیے آٹا، چینی، کچھ ڈبل روٹی یا کیک رس، کچھ بسکٹوں کے ڈبے، کچھ دالیں اور 5 کلو گھی، 20 لیٹر پانی اور کچھ برتن ضرور ساتھ لے کر جائیں۔ اگر ممکن ہو سکے تو کچھ سامان راستے کے ڈاکوؤں کے لیے بھی انتظام کریں، کیونکہ کسی بھی وقت کسی ویران جگہ پر قومی شاہراہوں پر دھرنے ڈکیتی یا موسمی حالات کی وجہ سے آپ کو مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
موجودہ حالات میں بلوچستان میں حکومتی رٹ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔ ادارے امن و امان قائم رکھنے میں مکمل ناکام نظر آتے ہیں اور بلوچستان میں جنگل کا قانون رائج ہو چکا ہے۔ لہٰذا اپنی مدد آپ کے تحت زندگی گزارنے کا انتظام کریں اور اپنی عادت ڈالیں۔
جب بلوچستان کے عوام سخت مشکلات میں ہیں، وفاقی حکومت چیمپئن ٹرافی منعقد کرانے میں مصروف ہے۔ بلوچستان کو ٹھیک کرنے والے افسران کے سربراہان اپنے محلوں میں آرام فرما رہے ہیں۔ پی سی بی کا اضافی چارج بھی انہی کے پاس ہے اور وہ اسٹیڈیمز کی مرمت میں مصروف ہیں۔ امریکہ سے واپسی کے بعد بھی انہیں خاص ٹاسک دیا گیا ہے مگر عملدرآمد کا اعلان ابھی باقی ہے۔
وزیر اعظم پاکستان نے کہا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان کے لیے ڈی ایم جی گروپ 47 کو خصوصی طور پر بھیجا گیا ہے تاکہ مزید حالات خراب ہو سکیں۔ یہ بیان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ بلوچستان کی صورت حال کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
یا اللہ! ہم بلوچستان والوں پر رحم فرما۔ پہلے ہم صرف لاوارث تھے، اب تو یتیم بھی ہو گئے ہیں۔ اسی لیے اسلام آباد کے حکمران ہمیں حقارت کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ انہیں صرف ہمارے صوبے کے معدنی وسائل سے محبت ہے، ہمارے مسائل اور امن و امان سے انہیں کوئی سروکار نہیں۔
جب بلوچستان میں لاشیں گرتی ہیں اور پاکستان کے سپوت شہید ہوتے ہیں تو ہمارے حکمران نماز جنازہ پڑھنے آ جاتے ہیں، مگر جاتے وقت کوئی نہ کوئی دھمکی دے جاتے ہیں کہ ‘آپریشن کے لیے تیار ہو جائیں’۔ مگر اصل مسئلے کے علاج کے بارے میں کوئی نہیں سوچتا۔ صرف سلطان راہی کے ڈائیلاگوں سے کام چلایا جا رہا ہے۔
بلوچستان میں امن و امان بحال کرنے کے لیے خالی باتوں سے کام نہیں چلے گا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ٹھوس اقدامات کیے جائیں، عوام کی مشکلات کا عملی حل نکالا جائے اور صوبے کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔ ایسا نہیں چلے گا کہ لاہور اور اسلام آباد کے لئے شیشے والی ٹرینیں اور ہمارے لئے گولیاں ہمیں بھی وہ مراحات چاہیں جو اسلام آباد اور لاہور کے لئے کئے جا رہے ہیں