November 16, 2026

*یہ شہر، یہ سڑکیں… اور یہ بے رحم ٹینکرز!*

20250217_190259

*یہ شہر، یہ سڑکیں… اور یہ بے رحم ٹینکرز!*

*انسانی جان کی قیمت کیا ہے؟ شاید کچھ بھی نہیں! روز ایک نئی لاش، روز ایک نیا حادثہ… مگر سندھ حکومت جیسے کانوں میں روئی ڈال کر سو رہی ہے۔ کراچی کی سڑکوں پر موت کا راج ہے، واٹر ٹینکر بے قابو، بے لگام، اور اب عوام کا صبر بھی جواب دے چکا ہے!*

*جیل چورنگی پر ایک اور خون… ایک اور بے گناہ زندگی برباد! ایک تیز رفتار ٹینکر نے ایک اور شہری کی جان لے لی، اور اس بار عوام نے فیصلہ کر لیا۔ احتجاج کی چنگاری بھڑک اٹھی، اور مشتعل شہریوں نے پانچ ٹینکرز کو آگ کے حوالے کر دیا!*

*لیکن حیرت کی بات دیکھیں… جیسے ہی ٹینکرز جلے، سندھ حکومت کو ہوش آگیا! وزیرداخلہ ضیا لنجار فوراً جاگ گئے، نوٹس لیا، رپورٹ طلب کر لی۔ مگر وہ سوئی حکومت، جو ان بے گناہ اموات پر بے حس بنی بیٹھی تھی، وہ آج بھی خاموش ہے! کیوں؟ کیا جان سے زیادہ ٹینکر قیمتی ہیں؟*

*یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، 2025 کے آغاز سے اب تک کراچی میں 100 سے زائد لوگ ٹریفک حادثات میں مارے جا چکے ہیں! مگر سوال وہی ہے، کیا ہماری زندگیوں کی کوئی قیمت ہے؟ یا جب تک یہ شہر دھکتے شعلوں میں نہ جلے، تب تک حکومت کی آنکھ نہیں کھلے گی؟*

*یہ ساری تمہید اس خبر کیلئے باندھی ہے، یہ خبر پڑھیں اور اپنی آنکھیں کھولیں ۔۔۔*

*کراچی جیل چورنگی پر واٹر ٹینکر کی ٹکر سے شہری جاں بحق، مشتعل افراد نے 5 ٹینکرز کو آگ لگادی*

کراچی میں جیل چورنگی کے قریب واٹر ٹینکر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واٹر ٹینکر ڈرائیورز مبینہ طور پر ریس لگا رہے تھے ۔اس دوران موٹر سائیکل سوار زد میں آ گیا۔

ریسکیو حکام نے بتایاکہ ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہو سکی۔

پولیس کے مطابق جیل چورنگی کے قریب مشتعل افراد نے 5 واٹر ٹینکرز کو آگ لگا دی۔ تاہم فائر بریگیڈ نے ٹینکرز میں لگنے والی آگ کو بجھادیا۔

دوسری جانب وزیرِداخلہ سندھ ضیا لنجار نے جیل چورنگی کے پاس ٹینکرز جلانے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ اعلامیے کے مطابق وزیرداخلہ سندھ نے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔

خیال رہے کہ رواں سال یکم جنوری 2025 سے اب تک کراچی شہر میں مختلف ٹریفک حادثات میں اب تک 100 سے زائد شہریوں کی اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔