November 16, 2026

لوگو سنو ! آئی ایم ایف کا افسران کے اثاثے ڈکلیئر کرنے کی مدت میں توسیع سے انکار

20250214_175714

لوگو سنو !
آئی ایم ایف کا افسران کے اثاثے ڈکلیئر کرنے کی مدت میں توسیع سے انکار

خدا جانے یہ آئی ایم ایف والوں کو سرکاری افسران سے کیا دشمنی ہے۔ اچھا بھلا وہ کھا پی کر ڈکاریں مار رہے تھے مفت تیل مفت بجلی مفت گاڑیاں مفت گیس بڑھیا رشوت اعلی عہدے بچے باہر سیٹل
کہ اب اس عالمی مالیاتی ادارے نے ان سے ان کے اخراجات، آمدن اور اثاثوں کے ساتھ ساتھ ان کے پڑھنے والے بچوں کے تعلیمی اداروں اور ان کی فیسیں بھی معلوم کرنے کا کہہ کر ان شریف سفید پوش افسروں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔
افراتفری میں وہ مقررہ وقت میں توسیع کا مطالبہ کر رہے ہیں کہ حسب عادت جھوٹے سچے دستاویزات بنا کر اپنے کو وہ گنگا نہائے معصوم ثابت کر سکیں
مگر آئی ایم ایف والے بھی یہ سب الٹ پھیر جانتے ہیں۔ وہ کوئی پاکستانی تحقیقاتی کمیٹی تو ہے نہیں کہ ان کی آنکھوں میں دھول جھونک کر جو مرضی ہے ان کی، کہہ دیا جائے، پڑھا دیا جائے اور وہ مان جائیں۔
یہ عالمی مالیاتی ادارہ ہے جو دنیا بھر کو چلاتا ہے، امداد دیتا ہے، قرضہ دیتا ہے‘ تو وہ وصول کرنا بھی جانتا ہے۔
اب اس ادارے نے پاکستانی اعلیٰ افسران کا بھی کچا چٹھا کھولنے کا فیصلہ کیا ہے کہ معلوم ہو سکے کہ ایک سرکاری افسر اتنی تنخواہ میں ماہانہ لاکھوں روپے کے اخراجات، لاکھوں روپے بچوں کی کی فیسیں، لاکھوں روپے یوٹیلٹی بلز کیسے ادا کرتے ہیں۔
یہ تو کوئی جادوئی طاقت ہی ایسا کر سکتی ہے۔ اگر آمدن ماہانہ دو لاکھ ہے تو اخراجات، وہ بھی شاہانہ 20 لاکھ کیسے ہو سکتے ہیں۔ ایسا کون سا جادوئی چراغ سرکاری افسران کے ہاتھ لگ گیا ہے۔ ذرا عوام کو بھی اور دنیا کو بھی پتا چلے۔ اب اس معلومات کے افشا کرنے سے تو بہتر ہے کئی افسران منہ چھپائے ادھر ادھر چلے جائیں۔ ان میں سے بہت کم افسر لینڈ لارڈ ہوتے ہیں، باقی سب افسری ملنے کے بعد بن جاتے ہیں۔ اب بھلا یہ اپنے شاہانہ اخراجات کی بابت کیا بتائیں گے اور اثاثے جو بنائے ہیں، ان کو کس طرح ظاہر کریں گے، اس طرح تو وہ عوام کے سامنے بھی عریاں ہو جائیں گے۔ مگر اب آئی ایم ایف والوں نے تو مقررہ وقت میں توسیع سے مکمل انکار کر دیا ہے۔