November 17, 2026

**تلخ حقیقت** **تحریر از قلم** **طیب گوندل**

20250212_140702

**تلخ حقیقت**

**تحریر از قلم**
**طیب گوندل**

### **گھٹیا پن کا خودساختہ منصف**

صحافت ایک مقدس پیشہ ہے، مگر جب یہی صحافت کسی کم ظرف، بغض و حسد میں لتھڑے، خود ساختہ نگرانِ اخلاقیات کے ہاتھ لگ جائے تو وہ ایک ایسا کھوکھلا طبلہ بن جاتی ہے جس میں صرف شور ہوتا ہے، کوئی سُر نہیں۔ ایسے ہی چند صحافتی چمگادڑ ہر مجلس میں اڑتے نظر آتے ہیں، جو سورج کی روشنی میں اندھے اور اندھیرے میں بےشرم ہو جاتے ہیں۔

یہ وہ نام نہاد “صحافی” ہیں جو خود کو انصاف کا اعلیٰ منصف سمجھتے ہیں، مگر ان کی “عدالت” میں دلیل نہیں، صرف تعصب اور کردار کشی کی گردان سنائی دیتی ہے۔ ان کی گفتگو کسی پھٹے ہوئے ڈھول کی طرح ہوتی ہے، جس میں کوئی سریلا پن نہیں، بس بےہنگم آوازیں ہوتی ہیں۔ یہ وہی لوگ ہیں جو دوسروں پر گھٹیا ہونے کا الزام لگاتے نہیں تھکتے، مگر جب آئینہ ان کے سامنے آتا ہے تو اپنی بدصورتی پر نظریں چُرا لیتے ہیں۔

یہ صحافتی گدھ ہر جگہ اپنا پنجہ گاڑھنے کے لیے بےتاب رہتے ہیں۔ ان کا سب سے پسندیدہ مشغلہ دوسروں پر کیچڑ اچھالنا ہوتا ہے، کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ اگر کیچڑ نہ اچھالا تو ان کے اندر کا تعفن ظاہر ہو جائے گا۔ یہ وہی لوگ ہیں جو ہر محفل میں بیٹھ کر رائے زنی ایسے کرتے ہیں جیسے سچائی کے واحد ٹھیکیدار یہی ہوں، مگر ان کی زبان سے ٹپکنے والے الفاظ زہر سے بھرے ہوتے ہیں۔

یہ اپنے حقیر ذہن میں یہ بٹھا چکے ہیں کہ اگر کسی کو گھٹیا کہہ دیا تو خود بخود عالی مقام ہو جائیں گے۔ مگر افسوس! یہ جاننے سے قاصر ہیں کہ دوسروں پر کیچڑ اچھالنے سے اپنا دامن صاف نہیں ہوتا، بلکہ مزید میلا ہو جاتا ہے۔ یہ وہ کچرا ہیں جو کسی بھی سچائی کی چمک کو گدلا کرنے کے لیے ہر وقت تیار بیٹھے ہوتے ہیں، مگر ان کی حقیقت وہی رہتی ہے جو گندے جوہڑ میں سڑتی ہوئی کائی کی ہوتی ہے— نا خوشبو، نا رنگت، بس سڑاند۔

یہ وہ بدقسمت صحافی ہیں جنہیں اپنے الفاظ کی کوئی قیمت نہیں معلوم۔ یہ اپنی زہر آلود زبان سے جس کو چاہیں رسوا کر دیں، مگر خود ان کی صحافتی حیثیت اس بوسیدہ درخت جیسی ہوتی ہے جو اندر سے کھوکھلا ہو، باہر سے شان دار دکھائی دے، مگر پہلی ہی آندھی میں زمین بوس ہو جائے۔

حقیقی صحافی وہ ہوتا ہے جو سچائی کو تلاش کرے، حقائق کی بنیاد پر بات کرے، مگر یہ بےہنر لوگ بس چرب زبانی کو ہی صحافت سمجھتے ہیں۔ درحقیقت، یہ صحافت کے نہیں، “چغلی” کے ماہر ہوتے ہیں۔ ان کا اصل مشن سچ کی ترویج نہیں، بلکہ دوسروں کی کردار کشی کر کے اپنی جھوٹی بڑائی کا پرچار کرنا ہوتا ہے۔

ان کی صحافت وہی صحافت ہے جو چوراہوں پر کھڑے تماش بینوں کی ہوتی ہے— بغیر کسی اصول کے، بغیر کسی دلیل کے، صرف اور صرف شور مچانے کے لیے۔ ایسے لوگوں کو صحافت سے جتنا تعلق ہے، اتنا ہی تعلق گدھے کا راگ سے ہوتا ہے۔ مگر پھر بھی یہ خود کو میدان کا سب سے بڑا شہسوار سمجھتے ہیں، حالانکہ ان کا اصل مقام وہی ہے جہاں گرے ہوئے سکے چمکنے کے خواب دیکھتے ہیں۔