سکھر (بیورو چیف دعا آن لائن نیوز سیدضیاءالرحمٰن) کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت بجلی چوری کی روک تھام اور ایل پی جی کے غیر قانونی فروخت سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا. کمشنر سکھر فیاض
سکھر (بیورو چیف دعا آن لائن نیوز سیدضیاءالرحمٰن) کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت بجلی چوری کی روک تھام اور ایل پی جی کے غیر قانونی فروخت سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا. کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے کہا کہ سیپکو حکام بجلی چوری کی روک تھام کے لئے پولیس کے ساتھ کوارڈینیشن مضبوط کریں۔ جن علاقوں میں بجلی کے بلوں کی 100 فیصد ادائیگی ہو رہی ہے اور کوئی بھی ڈیفالٹر نہیں ہے، وہاں کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے سیپکو حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسپتالوں اور دیگر سرکاری دفاتر کے ٹرانسفارمروں سے غیر قانونی کنکشنز کی شکایات موصول ہوئی ہیں، وہاں فوری طور پر کارروائی کر کے کنڈے ختم کیے جائیں۔ جن علاقوں میں بجلی چوری زیادہ ہے، وہاں پولیس کے ساتھ مل کر بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں گی۔ اس ضمن میں کوتاہی اور سستی کے مرتکب سیپکو حکام کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس سکھر فیصل عبد اللہ چاچڑ نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف آپریشن میں پولیس سیپکو کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی، جتنی نفری کی ضرورت ہو گی فراہم کی جائے گی۔ بجلی چوری کے خلاف آپریشن میں ایف آئی آر میں پولیس کو کمپلیننٹ بنایا جارہا ہے، پولیس کا کمپلیننٹ بننا کیس کو کمزور کرے گا۔ اگر عدالت میں کیس مضبوط کرنا ہے تو متعلقہ محکموں کے حکام کو کمپلیننٹ بنانا ہوگا۔ سپرنٹنڈنٹ انجنیئر سیپکو سکھر اور گھوٹکی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ
جن عملداروں نے کام میں سستی دکھائی ہے، ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔
کمشنر سکھر نے ڈویژن میں غیر قانونی ایل پی جی کی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دے دیا، غیر قانونی ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جائیں۔ کمشنر سکھر نے اوگرا کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے قائم کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی۔غیر قانونی ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے، دکانداروں کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی کرتے ہوئے دکانیں سیل کر دی جائیں۔ غیر قانونی ایل پی جی کے خلاف ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کوآرڈینیشن قائم کریں اور اوگرا کے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔افسران اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں ، اس معاملے پر ان کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ فیاض حسین عباسی نے کہا کہ غیر قانونی ایل پی جی کی فروخت کے خلاف اوگرا کو بھی موثر کردار ادا کرنے ہوگا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع سکھر میں صرف ایک ایل پی جی کا رجسٹرڈ ڈیلر ہے۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر راجہ ایم بی دھاریجو، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی ڈاکٹر سید محمد علی، ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ، ایس ایس پی سکھر اظہر مغل، ایس ایس پی خیرپور توحید میمن، ایس ایس پی اسپیشل برانچ منصور مغل، سپرنٹنڈنٹ انجنیئر آپریشن سیپکو سکھر مظفر حسین، سپرنٹنڈنٹ انجنیئر سیپکو گھوٹکی ظہور احمد سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔