ہارون آباد (نمائندہ خصوصی سے) ہارون آباد میں سکر جیٹر مشینیں آنے کے باوجود گندگی کے ڈھیر، عوام پریشان
ہارون آباد (نمائندہ خصوصی سے)
ہارون آباد میں سکر جیٹر مشینیں آنے کے باوجود گندگی کے ڈھیر، عوام پریشان
ہارون آباد – شہر میں پچھلے کئی سالوں سے سکر جیٹر مشینوں کی کمی کی وجہ سے نکاسی آب کا شدید مسئلہ درپیش تھا۔ اب کئی سالوں کے بعد سکر جیٹر مشینیں تو پہنچ گئی ہیں، لیکن صفائی کی صورتحال جوں کی توں برقرار ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں گٹر کا پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے اور گندگی کے ڈھیر بدستور موجود ہیں، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
سیاسی رہنما مختلف پلیٹ فارمز پر سکر جیٹر مشینیں منگوانے کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ شہر کی صفائی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ خاص طور پر ٹبہ نورپورہ گٹر کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے، جہاں لوگوں کا چلنا پھرنا مشکل ہو چکا ہے۔ مسجدوں کے باہر بھی گندا پانی جمع ہونے کی وجہ سے نمازیوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ صرف مشینیں منگوانا کافی نہیں، بلکہ ان کا مؤثر استعمال بھی ضروری ہے۔ اگر نکاسی آب کے نظام کو بہتر نہ بنایا گیا تو شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔ عوامی حلقوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ ہارون آباد کے باسیوں کو اس پریشان کن صورتحال سے نجات مل سکے۔