November 17, 2026

بھارتی وزیر اعظم 2 روزہ دورے پر بدھ کو واشنگٹن پہنچیں گے

20250206_040351

بھارتی وزیر اعظم 2 روزہ دورے پر بدھ کو واشنگٹن پہنچیں گے

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی دو روزہ دورے پر 12 اور 13 فروری کو امریکہ جائیں گے۔ انہیں اس دورے کی دعوت صدر ٹرمپ نے صدارت سنبھالنے کے ایک ہفتے بعد دی تھی۔ جبکہ وائٹ ہاؤس نے اسی ہفتے اس ملاقات کو شیڈول کیا ہے۔ ان کے اس دورے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات اہم ترین مصروفیت ہوگی۔

مودی کے دورہ امریکہ کے بارے میں بھارت کے سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے جمعہ کے روز تصدیق کی ہے۔ ان کا یہ دورہ ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب امریکہ نے 104 بھارتی شہریوں کو محض چند روز قبل ہی ‘ ڈی پورٹ ‘ کر دیا ہے۔ بھارتی شہریوں کو اس طرح ‘ ڈی پورٹ’ کیے جانے پر بھارت میں مودی سرکار پر بھی کافی تنقید کی جارہی ہے۔

امریکہ نے اپنی نئی امیگریشن پالیسی کے تحت جن ملکوں کے شہریوں کو سب سے شروع میں نکالا ہے ان میں بھارت شامل ہے۔ پچھلے ماہ 27 جنوری کو امریکی صدر ٹرمپ نے مودی سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے ‘ امیگریشن ‘ کے متعلق امور کے علاوہ بھارت اور امریکہ کے درمیان تجارتی توازن کے ایشوز کے ساتھ ساتھ امریکی فوجی اسلحے کی خریداری کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا تھا۔

فون کال پر دونوں رہنماؤں نے جلد ملاقات کے معاملے پر بھی باہم بات چیت کی تھی۔

بھارتی سیکرٹری خارجہ نے اس دورے کے بارے میں کہا ہے ‘مودی کا امریکی دورہ دونوں ملکوں کے درمیان انتہائی اہم شراکت داری کو مزید بڑھانے کا سبب بنے گا۔ ‘ واضح رہے بھارت کو امریکہ نے چین کے خلاف کوششوں میں اپنے سٹریٹجک پارٹنر کے طور پر قربت دے رکھی ہے۔ بھارت کی کوشش ہے کہ اس کے ہنر مند شہریوں کے لیے امریکی ویزوں کا حصول آسان ہو جائے۔

بھارت کو حال میں امریکہ کی طرف سے اپنے تجارتی شراکت داروں کے ٹیرف میں اضافے کی حکمت عملی پر بھی بات کرنا ہوگی۔ اس ٹیرف کی سطح زیادہ ہو جانا بھارتی مصنوعات کے لیے مفید نہیں ہے۔ بھارت اس کوشش میں ہے کہ اس کی 30 برآمدی اشیا پر ٹیرف کی سطح کم کر دی جائے۔

بھارتی وزارت خزانہ کے اہم حکام نے ‘ روئٹرز’ سے بات چیت میں کہا ‘ امریکہ کی ٹیرف پالیسی میں حالیہ تبدیلی اور ٹیرف کی شرح میں اضافے سے عالمی تجارت میں تشویش بڑھی ہے۔’ خیال رہے امریکہ بھارت کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔