متبادل تنازعات کے حل سے مقدمات کے بوجھ میں کمی ممکن ہے، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ پشاور ( سید گوہر شاہ )
متبادل تنازعات کے حل سے مقدمات کے بوجھ میں کمی ممکن ہے، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ
پشاور ( سید گوہر شاہ )
وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف کی ہدایات پر، وزارت قانون و انصاف کے تحت قائم انٹرنیشنل میڈی ایشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر (IMAC) نے خیبر پختونخوا بار کونسل، پشاور میں ایک روزہ تربیتی سیشن کا انعقاد کیا۔ یہ تربیت متبادل تنازعاتی حل (ADR) خصوصاً آربیٹریشن پر مرکوز تھی، جس میں وکلاء کو ثالثی اور آربیٹریشن کے عملی پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔
تربیتی نشستوں میں ADR کا تعارف، آربیٹریشن قوانین، عالمی بہترین طریقے، اور آربیٹریشن کے مستقبل جیسے کلیدی موضوعات شامل تھے۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جناب جسٹس اشتیاق ابراہیم تھے۔ انہوں نے 2,56,483 زیر التواء مقدمات کا حوالہ دیتے ہوئے متبادل تنازعاتی حل (ADR) کی اہمیت پر زور دیا۔ چیف جسٹس نے بتایا کہ پشاور ہائی کورٹ نے حال ہی میں وراثتی مقدمات کے جلد فیصلے کے لیے ایک خصوصی وراثتی عدالت قائم کی ہے۔ انہوں نے قانونی برادری کو ثالثی اور آربیٹریشن اپنانے کی ترغیب دی، جسے مقدمات کے بوجھ کو کم کرنے کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔
چیف جسٹس نے خیبر پختونخوا کے وکلاء کے لیے آربیٹریشن کی تربیت کے انعقاد پر وزارت قانون و انصاف کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ تربیت وکلاء کو جدید قانونی رجحانات سے ہم آہنگ کرنے میں مدد دے گی۔
رجسٹرار IMAC، احسان اللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ یہ تربیتی سلسلہ وزارت قانون و انصاف کے ADR سے متعلق آگاہی بڑھانے کے ملک گیر اقدامات کا حصہ ہے۔ خیبر پختونخوا بار کونسل کے وائس چیئرمین احمد فاروق خٹک نے آربیٹریشن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوے اسے پشتون جرگہ نظام سے تشبیہ دی۔ انہوں نے IMAC کے ساتھ مزید تربیتی پروگرام منعقد کرنے میں بار کونسل کی آمادگی کا اظہار کیا۔
شرکاء نے تربیت کو سراہتے ہوئے اس کی جامعیت اور عملی افادیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔